بھٹکل: (فکروخبر نیوز) جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے فراغت حاصل کرنے والے تقریباً 70 طلبہ کا قافلہ اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لیے جمعہ کی شب دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ کے لیے روانہ ہو گیا۔ طلبہ کی قیادت جامعہ اسلامیہ کے دو اساتذہ مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی اور مولانا میراں معظم شاہ بندری ندوی کر رہے ہیں۔
ریلوے اسٹیشن پر طلبہ کی رخصتی کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والدین، اساتذہ، رشتہ داروں اور عوام کی بڑی تعداد طلبہ کو الوداع کہنے کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر جامعہ کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے طلبہ کو قیمتی دینی و تعلیمی نصائح سے نوازا اور دعا کے ساتھ ان کی رخصتی کی۔
مولانا نے سفر کے آداب کی یاد دہانی کراتے ہوئے تاکید کی کہ اس پورے سفر میں کسی کو بھی ان کی وجہ سے تکلیف نہ پہنچے، نہ اپنے ساتھیوں کو اور نہ دوسرے مسافروں کو۔ انہوں نے اپنے سامان کی حفاظت کا بھی خاص اہتمام کرنے کی تلقین کی اور کہا کہ معمولی غفلت بھی سفر میں بڑی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے فارغ ہونے والے طلبہ ہر سال فضیلت کے لیے ایشیاء کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کا رخ کرتے ہیں۔ ان شاء اللہ یہ قافلہ اتوار کے دن ندوۃ العلماء پہنچے گا۔