گھروں کا دینی ماحول اور بچوں کی دینی خطوط پر تربیت نبوی تعلیمات کا حصہ : مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے سیرت النبی پروگرام سے مولانا عبد السبحان ناخدا ندوی کا خطاب

بھٹکل : گھر مرد کے لیے اتنا ہی ہے جتنا عورت کے لیے ہے لہذا اپنی ضروریات سے فارغ ہونے کے بعد چاہے وہ کام دنیا کا ہو یا دین کا تو پھر حکم دیا گیا کہ اپنے گھروں کا رخ کیا جائے ۔ ان باتوں کا اظہار استاد دارالعلوم ندوة العلماء لکھنو مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی دامت برکاتہم نے کیا۔ مولانا موصوف مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کی طرف سے جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد میں کل رات منعقدہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پروگرام سے خطاب فرما رہے تھے۔ مولانا نے کہا کہ ایک عجیب بات ذہن میں بیٹھ چکی ہے کہ گھر صرف خواتین کے لیے ہے لیکن حدیث کی روشنی میں ہمیں یہ بات ملتی ہے کہ اپنے کام سے فارغ ہونے کے بعد گھر کی طرف جلدی کی جائے۔ مولانا نے اولاد کی شرعی تربیت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنی اولاد کے لیے وقت دیا جائے جب تک ان کے پیچھے ہمارا وقت نہیں لگے گا ان کی صحیح تربیت نہیں ہو سکتی ہے۔ آج کل کے ماحول میں مرد پیسہ کمانے کا مشین اور عورت کھانا پکانے کی مشین بن کر رہ گئی ہے اپنے اولاد کو اپنا قیمتی وقت نہ دینے کے نتیجے میں اولاد غلط راستوں پر پڑ رہی ہے اس کے سنگین نتائج سامنے آرہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ جتنے انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام آئے انہوں نے اپنے گھر والوں کی صحیح دینی رہنمائی کی فکر کی اور مختلف انبیاء علیہ الصلوۃ والسلام کے بارے میں قران مجید نے بھی وضاحت سے بیان فرمایا ہے۔ مولانا محترم نے شریعت مطہرہ کی روشنی میں زندگی گزارنے اورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا اور مختلف آیات اور احادیث کی روشنی میں یہ اس بات کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول فرمائی کہ جب تک اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو نہیں اپنایا جائے گا اس وقت تک ہم سرخرو اور کامیاب نہیں ہو سکتے۔ مولانا کے بیان سے قبل مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی مولانا محمد سعود ندوی نے بھی سیرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف گوشوں کا تذکرہ کیا اور نبوی طریقے پر زندگی گزارنے پر زور دیا۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کا اغاز حافظ شبیر ڈانگی کی تلاوت قران سے ہوا۔ مولانا سلمان بنگالی ندوی نے نعت پاک پیش کی اور مہمانوں کا تعارف، استقبالیہ کلمات اور جلسے کی غرض و غایت پر صدر مجلس علمائے تینگن گنڈی مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے روشنی ڈالی۔ پروگرام کی نظامت امام خطیب جامع مسجد سیدنا ابراہیم مولانا اسماعیل ڈنگی نے سنبھالی۔امام خطیب جامع مسجد تینگن گنڈی مولانا محمد اسحاق ڈانگی ندوی کے شکریہ کلمات اور ناظم مدرسہ عربیہ تعلیم القران تینگن گنڈی محترم جناب حافظ عبدالقادر صاحب ڈانگی کی دعائیہ کلمات پر یہ پروگرام رات 11 بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔