ولکی (فکروخبرنیوز) تاریخی جامع مسجد ولکی کی تعمیرِ نو اور توسیعی کاموں کی تکمیل کے بعد آج عصر کی نماز کے ساتھ اس کا باضابطہ افتتاح عمل میں آیا۔ افتتاحی نماز کی امامت قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے فرمائی، جس میں بڑی تعداد میں اہلِ علاقہ اور اطراف و اکناف سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحمن مجددی صاحب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ایک پُر مغز، فکر انگیز اور ایمان افروز خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مسجد کی اہمیت اور افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسجد محض اللہ تعالیٰ کی عبادت کا مقام ہی نہیں بلکہ یہ مسلم معاشرے کی دینی، سماجی اور اخلاقی زندگی کا مرکز بھی ہے۔
مولانا فضل الرحمن مجددی نے کہا کہ مسجد اللہ کا گھر ہونے کے ساتھ ساتھ پورے محلے کے لوگوں کے اجتماع کی جگہ ہے، جہاں بھائی چارہ، اتحاد اور باہمی خیر خواہی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جمعہ کے موقع پر اطراف کے افراد کا یکجا ہونا اور عیدین کے موقع پر پورے شہر کا اجتماع دراصل امت کے اتحاد اور قوت کی علامت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مساجد کے ذریعے ایسے تعمیری اور فلاحی امور انجام دیے جائیں جن سے امت کے ہر طبقے کو فائدہ پہنچے۔
اس موقع پر قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے بھی موقع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے مسجد کے دینی و سماجی کردار پر روشنی ڈالی اور مسجد کی تعمیر و توسیع میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کی صدارت جماعت المسلمین ولکی کے صدر جناب اسلم صاحب نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبداللہ سکری ندوی نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ اس موقع پر ولکی اور اطراف کے علاقوں کی مختلف جماعتوں کے صدور، ذمہ داران اور معزز شخصیات اسٹیج پر موجود تھیں۔
