نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے ملک میں بڑھتی مہنگائی اور دیہی معیشت پر پڑنے والے اس کے اثرات کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک تفصیلی بیان میں جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ ملک میں شہری علاقوں کے مقابلے دیہی ہندوستان مہنگائی کی مار سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
ایک اخباری رپورٹ کا تراشا شیئر کرتے ہوئے جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ ایک طرف روزگار کے خاطر خواہ مواقع میسر نہیں ہیں اور آمدنی میں اضافہ رکا ہوا ہے، جبکہ دوسری جانب مہنگائی کے باعث روزمرہ کی ضروریات پر اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں میں جہاں پہلے ہی آمدنی کے ذرائع محدود ہیں، وہاں قیمتوں میں اضافے نے عام لوگوں کی قوتِ خرید کو شہروں کے مقابلے میں مزید کمزور کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں کانگریس رہنما نے کسانوں اور زرعی مزدوروں کی معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نمک، چینی، دال، مصالحے، پیاز اور سرسوں کے تیل جیسی بنیادی غذائی اشیاء سے لے کر رسوئی گیس، بچوں کی تعلیم، ادویات اور آمد و رفت تک ہر شعبے میں اخراجات بڑھ گئے ہیں۔ جے رام رمیش نے حکومتی پالیسیوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آمدنی رکی ہوئی ہے اور سال بہ سال بڑھتی مہنگائی اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں ایک عام خاندان کے پاس اپنی ضروریات میں کٹوتی کرنے یا قرض لے کر گھر چلانے کے علاوہ کیا راستہ باقی رہ جاتا ہے۔
جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ مہنگائی کا سب سے شدید اثر ان طبقات پر پڑتا ہے جو سماجی اور معاشی طور پر پہلے ہی پسماندہ ہیں اور جن کے پاس نہ مناسب بچت ہے اور نہ ہی مستقل روزگار کا سہارا۔ انہوں نے دیہی روزگار گارنٹی اسکیم ’منریگا‘ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے اس نظام کو کمزور کر دیا ہے، جو دیہی غریبوں کو قانون کے تحت روزگار کا حق اور مشکل وقت میں معاشی تحفظ فراہم کرتا تھا۔ ان کے مطابق اس تبدیلی نے دیہی محنت کشوں کی روزی روٹی کے تحفظ کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔
اپنے بیان کے اختتام پر جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ دیہی آبادی موجودہ معاشی صورتحال سے ناراض ہے۔ انہوں نے راجستھان کے حالیہ پنچایتی راج انتخابات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں حکمران جماعت کو اس ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آنے والے انتخابات میں بھی مہنگائی، بے روزگاری اور آمدنی میں کمی جیسے مسائل حکمراں اتحاد کے لیے چیلنج ثابت ہوں گے۔




