(فکروخبر/ذرائع)غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اٹلی میں مزدوروں اور ٹریڈ یونینز نے بڑے پیمانے پر احتجاج اور ہڑتال کی ہے۔ اس دوران کئی بندرگاہوں کے داخلی دروازے بند کر دیے گئے، ریلوے اسٹیشنز پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور تعلیمی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔
اطالوی مزدوروں نے واضح کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اٹلی اسرائیل کے لیے اسلحہ اور سامان کی ترسیل کا مرکز بنے۔
میلان، نیپلز، جینووا اور ٹریئسٹ سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، بعض مقامات پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا۔
یاد رہے کہ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی کی دائیں بازو کی حکومت یورپ میں اسرائیل کی اہم حامی سمجھی جاتی ہے اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے امکان کو رد کر چکی ہے۔



