اسرائیل متعدد شرائط پوری ہونے تک جنگ نہیں روکے گا

تل ابیب: (فکروخبر/ذرائع)اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے لیے شرط پیش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے شرط پیش کی ہے کہ جنگ بندی صرف اس صورت میں ہوگی جب حزب اللّٰہ اسرائیلی سرحد سے دور جائے۔
اسرائیلی وزیرِ خارجہ ازرائیل کاٹز نے جرمنی، برطانیہ، اٹلی اور کینیڈا سمیت 25 ممالک کے وزرائے خارجہ کو پیغام بھیج کر کہا ہے کہ اسرائیل متعدد شرائط پوری ہونے تک جنگ نہیں روکے گا۔
اسرائیل نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ حزب اللّٰہ کو دریائے لیتانی کے شمال میں دھکیل کر غیر مسلح کیا جائے۔
اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ازرائیل کاٹز نے کہا کہ ہم حزب اللہ کے ساتھ تصفیہ کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں اور جنگ بندی پر رضامند نہیں ہوں گے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد جنگ بندی کے حصول کی کلید ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کو لبنان میں 21 روزہ جنگ بندی کے لیے امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین سمیت اتحادیوں نے تجاویز دی تھیں، کاٹز نے کہا کہ فتح کے حصول اور شمال کے باشندوں کی ان کے گھروں کو محفوظ واپسی تک پوری طاقت کے ساتھ ہم حزب اللہ کے خلاف لڑتے رہیں گے۔