بھٹکل : اسلامیہ اینگلو اردو ہائی  اسکول میں قرآن ، نعت ، غزل اور مختلف عناوین پر تقریر ی مقابلے

بھٹکل (فکروخبرنیوز) اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں آج صبح  نو بجے طلبہ کے مابین ادبی مسابقہ کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں پہلی مرتبہ قرآن مسابقہ اور نعت، غزل مسابقہ و اسلامک عناوین پر طلباء کے مابین اردو ، انگریزی و کنڑا زبان میں تقریری مسابقے ہوئے۔

 اس موقع پر صدر انجمن جناب یونس قاضیا و اسکول بورڈ سکریٹری جناب سعداللہ رکن الدین و جناب محتشم یسین صاحب (کورڈنیٹرانجمن ہائی اسکول) اور پروگرام کے مہمان خصوصی مولانا اقبال نائیطے ندوی اسٹیج پر تشریف فرما تھے۔

صدر انجمن نے اسلامیہ اینگلو اردو اسکول میں گزرے اپنے بچپن اور اس دور کے اساتذہ کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کی شفقتوں اور محنتوں کی تفصیلات بیانکی اوراساتذہ کو طلباء کے ساتھ اچھا سلوک کرنے اور ان کی خوابیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول وہی اسکول ہے جہاں سے پچاس سال قبل ایک بڑی تعداد نے کسبِ فیض کا ہے۔

مہمان خصوصی مولانا اقبال ندوی نے اقراء باسم ربک الذی خلق کی آیت کی روشنی میں انسان کی تخلیق اور تعلیم سے اس کے تعلق کو بیان کرتے ہوئے علم کے میدان میں دی جانے والی خدمات کی سراہنا کی اور طلبہ کو محنت کے ساتھ کے آگے بڑھنے پر زور دیا۔

نائب صدر اول جناب صادق پلور صاحب نے نوے فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والوں کو پانچ پانچ ہزار روپیے کے انعامات کا اعلان کرتے ہوئے محنت کے ساتھ تعلیمی میدان میں آگےبڑھنے کی بات کہی۔

دعائیہ کلمات پر یہ جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔