بھٹکل (فکروخبرنیوز) اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کا سب سے با وقار ایوارڈ سال 25-2024 عبدالرافع ابن اکبر علی بنگالی کے نام رہا۔ آج اسکول کے وسیع و عریض میدان میں منعقدہ سالانہ جلسہ میں صدرِ انجمن جناب یونس قاضیا اور دیگر کے ہاتھوں سے یہ با وقار ایوارڈ دیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن کے صدر جناب یونس قاضیا نے کہا کہ بھٹکل کے بچوں کواللہ نے عجیب ذہانت سے نوازاہے۔ میں نے دنیا کے مختلف ممالک کا دورہ کیا لیکن میں نے یہاں کے بچوں جیسی ذہانت نہیں دیکھی۔ اگر وہ بچہ حافظِ قرآن ہے تو وہ مزید ذہین ہوتا ہے۔ انہوں نے بچوں کے سرپرستوں سے درخواست کی کہ آپ اپنے بچوں کی فکر کریں اور جن کے بچے دسویں جماعت میں تعلیم حاصل کررہے ہیں انہیں اپنے بچوں کی بہت فکر ہونی چاہیے کہ یہی وہ بچوں کے زندگی کی گھڑی ہے جہاں سے اس کا مستقبل طئے ہوتا ہے۔
مہمانِ اعزازی جناب عصام الدین سدی احمدا نے وقت کے صحیح استعمال کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو غلطیوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ غلطیاں انسان سے ہی ہوتی ہیں اور جو اپنی غلطیوں سے سیکھتا ہے وہ اسی میں کامیابی کا راستہ ڈھونڈ نکالتا ہے۔
جناب یاسین محتشم نے بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور خوب ترقی کرنے کی نصیحت کی۔
سال بھر میں مختلف میدانوں میں نمایاں کارکردگی کا اظہار کرنے والوں کے درمیان انعامات تقسیم کیے گیے۔