ایران اسرائیل آمنے سامنے ، جانیے دونوں ملکوں کی طرف سے کیا کچھ باتیں ہورہی ہیں؟

(فکروخبر/ذرائع)ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہنا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا، ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے۔
ایرانی جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا، ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے۔
ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری کا کہنا تھا کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے ملیا میٹ کردیئے گئے،
انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائلوں نے اپنے حدف کوکامیابی سے نشانہ بنایا جو اسرائیل اور امریکا کے لیے بڑا سرپرائز تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک ہوا ہے، جس میں اسرائیل پر ایران کے حملے کے بعد کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن اور نیتن نے آدھے گھنٹے تک ٹیلیفون پر بات کی اور ایران کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا عہد کیا۔
دونوں رہنماؤں نے حماس سے جنگ بندی پر کوئی بات نہیں کی، حزب اللّٰہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے پر بھی غور کیا گیا۔