بنگلورو (فکروخبرنیوز) چِنّاسوامی اسٹیڈیم، بنگلورو میں آئی پی ایل 2025 کی جیت کا جشن ایک بڑے سانحے میں بدل گیا ج پیر کی رات جشن کے دوران بھگدڑ مچنے سے 11 افراد جاں بحق اور 47 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ریاستی حکومت نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سدارامیا نے منگل کی شام ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ زخمیوں کا علاج حکومت کے خرچ پر ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں۔
سدارامیا نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ اس جشن میں عوام کی شرکت توقعات سے کہیں زیادہ رہی۔ اسٹیڈیم میں جہاں صرف 35 ہزار افراد کی گنجائش تھی، وہاں اندازاً 2 سے 3 لاکھ افراد امڈ آئے، جس سے بھگدڑ کا ماحول پیدا ہوا۔
انہوں نے کہا، "ایسے مواقع خوشی کے ہوتے ہیں، لیکن اس طرح کا سانحہ ناقابل برداشت ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کے بعد انہوں نے خود بؤرنگ اور ویدیہی اسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ ان کے مطابق، زیادہ تر زخمی اب خطرے سے باہر ہیں۔
حکومت نے معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے عدالتی انکوائری (مجسٹریل انویسٹی گیشن) کے احکامات جاری کیے ہیں۔ متعلقہ افسران کو 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سیاسی حلقوں سے اپیل کی کہ اس سانحے کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے، اور کہا کہ اس وقت ترجیح متاثرین کی امداد اور واقعے کی شفاف تحقیقات ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، وزیر داخلہ ڈاکٹر جی. پرمیشور، اور چیف سیکریٹری شالینی رجنیش بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔