بنگلورو : سابق وزیراعظم اندراگاندھی کو ہٹلر سے موازنہ کرنے والی ایک مبینہ پوسٹ کرناٹک بی جے پی کے سوشل میڈیا ہینڈل کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے جنرل سکریٹری ایس منوہر کی جانب سے ہائی گراؤنڈ پولیس اسٹیشن میں 25 جون کو درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
شکایت میں منوہر نے الزام لگایا کہ بدھ کو سہ پہر 3:54 بجے بی جے پی کے آفیشیل ‘X’ اکاؤنٹ (@BJP4Karnataka) کی طرف سے جو پوسٹ کی گئی تھی، اس کا عنوان تھا "اندراہندوستان کے برابر نہیں، اندرا = ہٹلر” کے ساتھ ہندوستان میں ایمرجنسی سے متعلق 38 سیکنڈ کی ویڈیو تھی۔
شکایت کنندہ کے مطابق جو مبینہ پوسٹ بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی تھی، اس میں ایک گرافک دکھایا گیا تھا جس میں اندرا گاندھی کی تصویرکا موازنہ ہٹلر سے کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ کا مبینہ مواد سابق وزیر اعظم کے تئیں ہتک آمیز تھا اور اس کا مقصد معاشرے میں بدامنی کو ہوا دینا اور مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا کرنا تھا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ موصولہ شکایت کی بنیاد پر ہم نے بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 192 (فساد پیدا کرنے کے ارادے سے اشتعال انگیزی کرنا) اور 353 (عوامی فساد پھیلانے والے بیانات) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔