نئی دہلی: مرکزی وزارتِ شہری ہوابازی نے ہفتہ کے روز ملک بھر میں ایئر ٹکٹوں پر عارضی حد (Temporary Caps) نافذ کردی ہے، کیونکہ انڈیگو کی پروازوں میں مسلسل پانچویں دن بھی شدید خلل برقرار رہا اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزارت نے کہا کہ اگر کسی بھی ایئر لائن نے مقررہ اصولوں کی خلاف ورزی کی تو فوری اصلاحی کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی انڈیگو کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام زیر التواء ریفنڈز اتوار کی رات 8 بجے تک مکمل طور پر مسافروں کو واپس کیے جائیں۔
مرکزی حکومت کے مطابق حالیہ بحران کے سبب مختلف ایئر لائنز کی جانب سے غیر معمولی حد تک مہنگے کرائے وصول کئے جانے کی شکایات مل رہی تھیں، جس کے پیش نظر عوامی مفاد میں قیمتوں کو کنٹرول کرنا ضروری ہوگیا تھا۔
400 سے زائد پروازیں منسوخ
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، ہفتہ کے روز انڈیگو نے دہلی سمیت چار بڑے ہوائی اڈوں سے 400 سے زیادہ پروازیں منسوخ کردیں، جبکہ ایک روز قبل دہلی سے تمام گھریلو پروازیں آدھی رات تک معطل رہیں۔ کئی شہروں میں خدمات بری طرح متاثر ہونے سے مسافر ایئرپورٹس پر پھنس کر رہ گئے۔
فضائی کرایوں میں غیر معمولی اضافہ
انڈیگو کی صلاحیت میں کمی کے سبب تمام ایئر لائنز کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جسے حکومت نے موقع پرستانہ قیمتیں (opportunistic pricing) قرار دیتے ہوئے اس کا نوٹس لیا۔
وزارت کا بیان ہے کہ:
“مسافروں کو غیر منصفانہ قیمتوں سے بچانے کیلئے ہم نے ریگولیٹری اختیارات استعمال کرتے ہوئے تمام متاثرہ روٹس پر مناسب اور منصفانہ کرایے یقینی بنائے ہیں۔”
سامان کی حوالگی سے متعلق ہدایات
انڈیگو کو مسافروں سے جدا ہونے والے سامان کو اگلے 48 گھنٹوں کے اندر تلاش کرکے حوالہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، اور ساتھ ہی مسافر سپورٹ سیل اور ریفنڈ سیل فوری طور پر قائم کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پائلٹس اور عملے کی کمی کا پس منظر
یہ بحران اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ہفتے کے روز ڈی جی سی اے نے پائلٹوں کیلئے ہفتہ وار آرام کے حوالے سے اپنے احکامات واپس لے لئے۔
انڈیگو کے مطابق نئی شیڈولنگ پابندیوں کے بعد پائلٹس کی کمی کا سامنا ہوا، جس کے سبب منگل سے آپریشن بری طرح متاثر ہوئے۔
خصوصی ٹرینیں بھی جاری
ہوائی سفر کے متاثر ہونے کے بعد ریلوے نے ہائی ڈیمانڈ روٹس پر خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے جن میں ممبئی، چنئی، کولکاتہ اور دیگر شہروں کیلئے اضافی کوچ شامل کیے گئے ہیں۔
انڈیگو کا بیان
ایئر لائن نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ:
“مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوسکتا، لیکن ہم بحالی کیلئے تمام اقدامات کررہے ہیں۔”
ایئرلائن نے 5 سے 15 دسمبر تک مفت کینسلیشن اور ری شیڈولنگ کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔




