ادارہ ادبِ اطفال بھٹکل کے دفتر میں کاروانِ شباب کے نئے گوشہ کا مولانا نیاز احمد ندوی کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا افتتاح

بھٹکل : نوجوانوں میں مطالعہ کا ذوق پیدا کرنے اور انہیں اسلام پر کیے جانے والے اعتراضات کے مدلل جوابات کے لیے تیار کرنے کے مقاصد کے تحت ادارہِ ادبِ اطفال کا نیا شعبہ کاروانِ شباب کا افتتاح استاد دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا نیازاحمد صاحب ندوی کے دستِ مبارک سے کل بعد عصر عمل میں آیا۔
نوائط کالونی میں واقع ادارہ کے دفتر میں منعقدہ مختصر سی تقریب سے خطاب کرتےہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا کہ ادارہ ادبِ اطفال اب ایک قدم آگے بڑھ کر ادبِ شباب کی طرف بڑھ رہا ہے جو بڑا خوش آئند قدم بھی ہے اور وقت کی بڑی ضرورت بھی ہے۔ دنیا میں بڑی سے بڑی لائبریریاں موجود ہیں لیکن پڑھنے والے مفقود ہوتے جارہے ہیں لیکن اس دور میں آپ کا ادارہ مطالعہ کے مواقع فراہم کررہا ہے جس سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ مولانا نے کہا کہ اس دور میں اخلاق کو بگاڑنے والی چیز موبائل کے ذریعہ ہمارے نوجوانوں اور بچوں ذہنوں کو مسموم کیا جارہا ہے۔ آپ نے ان چیزوں سے ہٹاکر انہیں ایک مطالعہ کی دنیا میں لے آئے ہیں اور انہیں اس میں مصروف رکھنے کے لیے نت نئے پروگرامات بھی وقتاً فوقتاً منعقد ہوتے رہتے ہیں جس کی تفصیلات سن کر ہمیں بڑی خوشی ہورہی ہے۔ مولانا نے کہا کہ یہ جان کر بھی دلی مسرت ہوئی کہ یہاں کے بچوں میں ایک جذبہ ہے اور اردو کے علاقوں سے دور رہ کر بھی یہاں اردو بولی اور پڑھی جاتی ہے۔
نائب مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو مولانا عبدالعزیز صاحب خلیفہ ندوی نے بچوں کے سامنے اشعار میں اپنے تأثرات پیش کیے اور اس شعبہ کے آغاز پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور دعاؤوں سے نوازا۔
ماہنامہ پھول کے مدیر مولوی عبداللہ دامداابو ندوی نے اس شعبہ کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً سات سال قبل کاروانِ اطفال سے جڑے بچے جو بچوں کے لیے قائم مولانا عبدالباریؒ لائبریری اور فطرت لائبریری سے فائدہ اٹھارہے تھے وہ اب جوان ہوگیے ہیں اور ان کے لیے عمر اور سطح کے اعتبار سے مواد کی ضرورت تھی۔ ہم نے اس سلسلہ میں اس مواد کو زیادہ ترجیح دی ہے جو اسلام کے دفاع پر مرتب ہے تاکہ نوجوان اسلام پر کیے جانے والے اعتراضات کا مدلل جواب دینے کے لیے تیار ہوجائیں۔ ہم نے یہاں اردواور انگریزی کے ساتھ ساتھ عربی زبان کی بھی کتابیں داخل کی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس شعبہ سے بھی بڑا تعداد میں نوجوان استفادہ کریں گے۔
اس موقع پر ماہنامہ پھول کے مدیرِ اعلیٰ مولانا سمعان خلیفہ ندوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

«
»

اہلیہ حضرت مولانا زکریا صاحب سنبھلی

جامعہ اکل کوا کے طلبہ کو قرآن کی برکت سے عمرہ کی سعادت