ادارہ ادب اطفال بھٹکل ، نئی نسل کی ہمہ جہت تربیت کا مثالی ادارہ
عنایت اللّٰہ خان فلاحی
مدیر جنت کے پھول ( ممبرا ، مہاراشٹر)
ادارہ ادب اطفال کے زیر اہتمام شائع ہونے والا بچوں کا ماہنامہ پھول نے بچوں کے معروف ادیب مرتضیٰ ساحل تسلیمی نمبر کے رسم اجراء کے موقع پر خاکسار کو بھی دعوت دے کر عزت افزائی کی ، اس سے پہلے ادارہ ادب اطفال نے مرحوم ساحل تسلیمی پر کامیاب عالمی ویبنار کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا تھا ، ان کی زندگی اور کارناموں پر مشتمل بہترین خصوصی شمارہ شائع کرکے مرحوم تسلیمی رح کے مشن کو نئے اور بہترین انداز میں آ گے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے ادارہ ادب اطفال کی پوری ٹیم قابلِ مبارک باد یے ، حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ مشن سے محبت ہو اور مشن کو موجودہ حالات کے لحاظ سے آ گے بڑھایا جائے۔
ادارہ ادب اطفال بھٹکل بچوں کی ہمہ جہت تربیت اور ان کی کردار سازی کا منظم ادارہ ہے ادارے کے زیر اہتمام بچوں کی دو خوب صورت لائبریری قائم ہے لائبریری میں بچوں کی نفسیات کا مکمل لحاظ کیا گیا ہے ، مختلف زبانوں میں ملٹی کلر خوب صورت کتابوں کے علاوہ تعلیمی اور ذہنی ارتقاء کے لیے کھلونے بھی مہیا کیے گئے ہیں ، بچے شوق سے لائبریری میں آتے ہیں ۔ ادارہ ادب اطفال کے زیرِ اہتمام بچوں کی تنظیم کاروان اطفال ہے ، بچوں کے ذریعے مختلف سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں ، بچوں کا ہفتہ واری اجتماع ، بچوں کی ادبی مجلس ، بچوں کے مختلف انعامی مقابلے کارواں اطفال کے مختلف ذمہ دار بچے ہی ہوتے ہیں ، بڑے ان کی رہنمائی اور سرپرستی کرتے ہیں ، یہ بچے ماہنامہ پھول کے مضبوط دست بازو ہیں ، رسالے کی ادارت ، تزئین اور توسیع میں برابر شریک رہتے ہیں ۔ ایسے ہی بچوں کی آ رزو اقبال نے کی تھی۔
جوانوں کو مری آہ سحر دے
پھر شاہین بچوں کو بال و پر دے
ادارہ ادب اطفال کے زیرِ اہتمام بچوں کے لیے شائع ہونے والا ملک کا خوب صورت ملٹی کلر کا ماہنامہ پھول ہے رسالے کے سرپرست مولانا محمد الیاس صاحب ندوی ہیں ، مدیر اعلیٰ مولانا محمد سمعان ندوی صاحب ہیں ۔ رسالے کے روح رواں اور مدیر عبداللّٰہ غازی ندوی ہیں ۔ ماہنامہ پھول ،، صرف ایک رسالہ ہی نہیں بلکہ ایک تحریک اور مشن ہے ، باہمی تعاون اور ٹیم ورک کے ساتھ شائع ہوتا ہے ، رسالے اور ادارے کے لیے کوئی ہمہ وقت کارکن نہیں ہے ، سارے لوگ رضا کارانہ طور پر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں ، کتابت ، ادارت ، تزئین اور ترسیل سارے کام مل جل کر کرتے ہیں۔
ادارہ ادب اطفال کے زیرِ اہتمام ایک شعبہ *کہکشاں یے ، اس کے تحت تعمیری نظمیں اور ترانے نشر کیے جاتے ہیں ، اچھی آواز میں پڑھنے والے بچوں اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
ڈاکٹر عبد الحمید اطہر ندوی صاحب ادارہ ادب اطفال کے صدر ہیں ، آ پ کئی کتابوں کے مصنف ہیں ، آ پ نے نوائطی زبان میں قرآن مجید کا مکمل ترجمہ بھی کیا ہے ، بچوں کی نفسیات اور انتظامی صلاحیت کے ماہر ہیں ، آپ کی خواہش ہے کہ بچوں کی ہمہ جہت تربیت کے لیے ملک کے دیگر مقامات پر منظم کوششیں ہونی چاہیے ، بچے ملک و ملت کے سب سے قیمتی سرمایہ ہیں ، ان پر اپنی صلاحیتوں اور مال و زر کا انویسٹمنٹ نفع کا سودا ہے۔
کیا آپ بھی اس تحریک کا حصہ بننا چاہیں گے؟
فیس بک پر شیئر کریںٹویٹر پر شیئر کریں۔واٹس ایپ پر شیئر کریں۔ٹیلیگرام پر شیئر کریں۔
جواب دیں