حضرت علی المرتضیٰ کر م اللہ وجہہ کی خلافت اور اہم کارنامے
حافظ محمد ہا شم قادری مصباحی جمشید پور
حضرت علی کرم اللہ وجہہ پیغمبر اسلام ﷺ کے چچا زاد بھائی اور آپ کے داماد تھے،آپ کی ولادت 13؍رجب المرجب 10؍ سال قبل از بعثت پیغمبر اسلام ﷺ بمطابق17؍ مارچ 599ء میں ہوئی ۔آپ چوتھے خلیفہ راشد تھے آپ نے656ء سے661ء تک دنیا ئے اسلام پربحیثیت خلیفہ حکمرانی کی۔ آپ بچپن میں ہی رسول کریم کے گھر آگئے تھے،حضور کی زیر نگرانی آپ کی تر بیت ہوئی۔حضرت علی کرم اللہ وجہہ پہلے بچے تھے جنھوں نے اسلام قبول کیا،آپ کی عمر اس وقت تقریباً10یا11 سال تھی حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد تین دن تک مسند خلافت خالی رہی، اسی عرصہ میں لو گوں نے حضرت علی کر م اللہ وجہہ سے اس منصب کے قبول کے لیے سخت اصرار کیا ،آپ نے پہلے اس بار گراں کے اٹھانے سے انکار کردیا،لیکن آخر میں مہاجرین و انصار کے اصرارپر خلافت قبول فر مائی، (طبرانی:3010)حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی شہادت کے بعد تیسرے دن21ذی الحجہ بروز پیر مسجد نبوی ﷺ میں آپ کے دست اقدس پر بیعت ہوئیَ۔حضرت مو لیٰ علی رضی اللہ عنہ کے خلیفہ بنتے ہی آپ کو سخت مخالفت کا سامنا حضرت امیر معا ویہ رضی اللہ عنہ گور نر شام، زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ مکہ اور دیگر افراد کی جانب سے ہوا۔اور نتیجتاً اسلام میں پہلی خانہ جنگی ہوئی۔ اسے پہلا فتنہ بھی کہا جاتاہے اس کے بعد اسلامی خلافت دو حصوں میں بٹ گئی آگے کے معاملات انتہائی اختلاف سے بھرے ہیں،بڑوں کی بڑی باتیں’’ہمارے لیے کسی کے خلاف لکھنا بدنصیبی ہوگی،توبہ، توبہ استغفر اللہ‘‘ ہم دونوں صحابئہ کرام رضو ان اللہ علیھم اجمعین کی دل سے عزت واحترام کر تے ہیں اور عوام کے ساتھ ساتھ علمائِ کرام سے بھی گزارش کرتے ہیں خدارا کسی ایک صحابہ کی حمایت میں دوسرے صحابہ کرام کی بے ادبی سے بچیں،اپنی عاقبت کا خیال رکھیں اختلافی باتوں ، تحریروں کا عوام پر غلط اثر ہوتا ہے اللہ ہم سب کو ہدایت بخشے آمین،صحابہ کرام کی فضیلت قر آن واحادیث میں موجود ہے جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے خلفائے ثلاثہ میںسے ہر ایک کی خلافت کو بخوشی منظور فر مایا اور کسی کی خلافت سے انکار نہیں کیا ہے جیسا کہ ابن عساکر نے حضرت حسن رضی اللہ عنہ کے حوالہ سے لکھا ہے۔
آپ کا علم آپ کے فیصلے:حضرت علی کر م اللہ وجہہ علم کے اعتبار سے بھی علمائے صحابہ میں بہت اونچا مقام رکھتے ہیں آپ کے فتوے اور فیصلے اسلامی علوم کے جواہر پارے ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فر ماتے ہیں کہ ہم نے جب بھی آپ سے کسی مسئلہ کودریافت کیا تو ہمیشہ درست ہی جواب پایا۔حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے سامنے جب حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ذکر ہوا تو آپ نے فر مایا کہ علی سے زیادہ مسائل شریعہ کا جاننے والا کوئی نہیںہے،حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خدمت میں کوئی مشکل مقد مہ پیش ہوتا اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ موجود نہ ہوتے تو وہ اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگا کر تے تھے کہ مقد مہ کا فیصلہ کہیں غلط نہ ہو جائے۔(تا ریخ الخلفاء،خطبات محرم:ص204) مشہور ہے کہ حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے سامنے ایک ایسی عورت پیش کی گئی جسے زنا کا حمل تھا۔ ثبوت شر عی کے بعد آپ نے اسے سنگسار(ایک قسم کی شرعی سزا جس میںآدمی کو کمر تک زمین میں گاڑ کر پتھر مار،مار کر اسے ختم کر دیا جاتا تھا، یہ سزا زانی(RAPIST) اور زانیہ کو دی جاتی تھی) کا حکم فر ما یا۔حضرت علی رضی اللہ عنہ نے یاد دلا یا کہ حضور ﷺ کا فر مان ہے کہ حاملہ عورت کو بچہ پیدا ہونے کے بعد سنگسار کیا جائے ۔اس لیے کہ زنا کرنے والی عورت اگر چہ گناہ گار ہوتی ہے مگر اس کے پیٹ کا بچہ بے قصور ہو تا ہے۔حضرت علی رضی اللہ عنہ کی یاد دہانی کے بعد حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنے فیصلہ سے رجو ع کر لیا اور فر مایا:لَوْ لَا عَلِیٌّ عُمَرُ یعنی اگر علی نہ ہوتے تو عمر ہلاک ہو جاتا علی کی موجود گی نے عمر کو ہلاکت سے بچالیا۔(رضی اللہ تعالیٰ عنہما)(خطبات محرم:ص204سے205)
حضرت علی کر م اللہ وجہہ ا لکریم کا علمی مقام و مرتبہ، ان کی قرآن فہمی، حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی۔ اللہ رب العزت نے انھیں عقل وخرد کی بے شمار صلاحیتوں سے نوازا تھا کہ جو مسائل دوسرے حضرات کے نزدیک پیچیدہ اور لا ینحل سمجھے جاتے تھے، انہیں مسائل کو وہ آسانی سے حل کر دیتے تھے۔ اکا بر صحابئہ کرام رضوان اللہ تعا لیٰ علیہم اجمعین ایسے اوقات سے پناہ مانگتے تھے کہ جب کوئی مشکل مسئلہ پیش آجائے اور اس کے حل کے لیے حضرت علی کر م اللہ وجہہ مو جود نہ ہوں۔حضرت سعید بن ا لمسیب رضی اللہ عنہ بیان کر تے ہیں:کَانَ عُمَرُ یَتَعَوَّذُ بِا اللّٰہِ مِنْ مَعَصلہ لَیْس فِیْھا وفی روایۃ: لَیْسَ لَھَا اَبُوحَسن:’’حضرت عمر رضی اللہ عنہ اس پیچیدہ مسئلہ سے اللہ تعا لیٰ کی پناہ مانگتے تھے جسے حل کرنے کے لیے ابو الحسن علی ابن طالب نہ ہوں۔(فضائل الصحابہ،ج:2،ص:803،رقم (1100 بعض اکابر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے شہادت دی کہ مولیٰ علی رضی اللہ عنہ ظاہر وباطن دونوں کے امین تھے۔ حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا:اِنَّ عَلِیّاً بْنَ ابی طَالبٍ عِنْدَہ‘ عِلْمٌالظَا ہِرِ وَالْبَاطِنِ:بیشک علی ابن ابی طالب(رضی اللہ عنہ) کے پاس علم ظاہر بھی ہے اور علم باطن بھی ہے۔:(حلیۃ الا ولیاء،ج:1ص:105)
حضرت علی نے خوارج کے ساتھ کیا سلوک کیا؟ :اسلام میں پہلا فتنہ گر مذ ہبی فر قہ خوارج کا ہے جس نے شعائر اسلام سے ہٹ کر اپنا الگ گروہ بنایا۔ یہ گروہ جس کی اکثریت بدوی عراقیوں کی تھی،جنگ صفین کے موقع پر سب سے پہلے یہ نمودار ہوا۔ یہ خوارج حضرت علی کر م اللہ وجہہ کی فوج سے اس بات پر الگ ہوئے کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضرت امیر معاویہ کی ثالثی(صلح صفائی کر انے کا عمل) کی تجویز منظور کرلی تھی۔ خار جیوں کا نعرہ تھا کہ :(’’حاکمیت اللہ ہی کے لیے ہے‘‘ ان لو گوں نے شعث بن راسبی کی سر کردگی میں مقام حرورا میں پڑائو ڈالا اور کوفہ، بصرہ ،مدائن وغیرہ میں اپنے عقائد کی تبلیغ شروع کر دی۔ ان کا عقیدہ تھا کہ دینی معاملات میں انسان کو حاکم بنا ناکفر ہے اور جو لوگ ایسے فیصلوں کو تسلیم نہیں کرتے وہ واجب القتل ہیں، خار جیوں کے اعتقاد کے مطابق حضرت علی ر ضی اللہ عنہ بر حق تھے، ان کی بیعت ہر مسلمان پر لازم ہے۔جن لو گوں نے اس کا انکار کیا وہ اللہ اور رسول ﷺ کے دشمن ہیں۔ اس لئے حضرت امیر معاویہ ( رضی اللہ عنہ ) اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ کسی قسم کی صلح کر نا ازروئے قرآن کفر ہے۔( معاذ اللہ ،معاذ اللہ) حضرت علی رضی اللہ عنہ نے چو نکہ ان کے ساتھ مصالحت(باہمی صلح صفائی، میل ملاپ،آپس میں صلح کر نا) کی ہے لہذا حضرت علی رضی اللہ عنہ بھی مجرم ہیں ( معاذ اللہ، معاذ اللہ) لہذا حضرت علی اور حضرت امیر معاویہ دو نوں کے خلاف جہاد ضروری ہے۔حضرت علی رضی اللہ عنہ نے خار جیوں کو جنگ نہر وان میں شکست فاش دی، (تفصیل آگے آرہی ہے) لیکن ان کی شورش(شوروغل،اودھم،چیخ وپکار) پھر بھی جاری رہی چنانچہ،اہلسنت کے چوتھے خلیفہ حضرت علی کر م اللہ وجہ الکریم پرخارجی ابن ملجم نے 26 جنوری661ء بمطابق 19رمضان المبارک،40ھ کو کوفہ کی مسجد میں زہر آ لود خنجر کے ذریعہ نماز کے دوران قاتلانہ حملہ کیا،حضرت علی رضی اللہ عنہ سخت زخمی ہو گئے،اگلے دودن تک زندہ رہے لیکن زخم گہرا تھا، چنانچہ جانبر نہ ہوسکے اور 21رمضان 40ھ کو وفات پائی،(آپ تیسرے خلیفہ تھے جن کو خلافت کے دوران میں قتل کیا گیا، آپ سے پہلے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ اور حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کو بھی قتل (شہید) کیا جا چکا تھا۔حضرت امیر معا ویہ رضی اللہ عنہ کے عہد (زمانہ) میں بھی ان کی بغا وتیں جا ری رہیں، ان کا دائرہ عمل شمالی افریقہ تک پھیل گیا۔ کوفہ اور بصرہ ان کے دو بڑے مرکز تھے عباسی خلافت تک ان لو گوں کا اثر ورسوخ رہا اور حکومت کے خلاف جنگیں لڑتے رہے اور اسلام کے پیروکاروں کے لیے درد سر بنے رہے۔
خوارج کے با رے میں نبی کریم ﷺ کی پیشن گوئی۔:صحیح بخاری اور صحیح مسلم میں ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک بار رسول اللہ ﷺ مال غنیمت تقسیم فر مارہے تھے کہ عبداللہ بن ذی الخو لیصرہ تمیمی آیا اور کہنے لگا:’’اے اللہ کے رسول! عدل سے کام لیجئے۔‘‘ آپ نے فر مایا:’’ تمھاری خرابی! اگر میں عدل نہیں کروں گا تو اور کون کرے گا؟‘‘ حضرت عمر (رضی اللہ عنہ) نے عرض کیا:’’ مجھے اجازت دیجئے کہ اس کی گردن اڑا دوں۔‘‘آپ نے فر مایا:’’ اسے چھوڑدو اس کے ایسے ساتھی ہیں کہ آپ میں سے کوئی شخص،ان کی نماز کے مقابلے میں اپنی نماز کو حقیر سمجھے گااور اپنے روزے کو ان کے روزے کے مقابلے میں حقیر سمجھے گا۔ یہ لوگ دین سے ایسے دور نکل جائیں گے جیسے تیر شکارسے نکل جاتا ہے اور اس کے پروں کو دیکھا جائے تو کچھ معلوم نہیں ہو تا ہے۔ پھر اس ( تیر کے) پھل کو دیکھا جائے تو معلوم نہیں ہو تاہے( کہ یہ شکار کے اندر سے گزر اہے) حالانکہ وہ خون اور گوبر سے ہو کر گزرا ہے۔ ان کی نشانی یہ ہو گی کہ ان میں ایک ایسا آدمی ہو گا جس کا ایک ہاتھ یا ایک چھاتی، عورت کی طرح ہوگی۔ یا فر مایا کہ گوشت کے لوتھڑے کی طرح ہوگی اور ہلتی ہو گی۔ یہ لو گوں میں خانہ جنگی کے وقت نکلیں گے۔’’ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فر ما تے ہیں: ’’ میں گواہی دیتا ہوں کہ جب حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ان لو گوں کا قتل کیا تو ان کے پاس تھا۔ اسوقت (ان کے سامنے) ایک شخص ا سی صورت کا لایا گیا جو نبی ﷺ نے بیان فر مایا تھا۔ انہیں کے متعلق یہ آیت کریمہ نازل ہوئی ،
تر جمہ: ’’ان میں سے بعض لوگ وہ ہیں جو آپ پر صدقات کے با رے میں طعنہ زنی کر تے ہیں ‘‘( بخاری۔کتاب استا بۃ المر تدین ۔حدیث6533
فیس بک پر شیئر کریںٹویٹر پر شیئر کریں۔واٹس ایپ پر شیئر کریں۔ٹیلیگرام پر شیئر کریں۔
جواب دیں