حنیف آباد (فکروخبر نیوز) حنیف ویلفیئر ایسوسی ایشن (HWA) کے یوتھ وِنگ کی جانب سے اتوار 23 نومبر 2025 کو نمازِ عشاء کے بعد سیدنا عمیر جمعہ مسجد، حنیف آباد میں نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا جس میں جامع مسجد بھٹکل کے امام و خطیب اور نائب مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے نوجوانوں کو موجودہ حالات کی روشنی میں رہنمائی کی۔
"خاموش جال جو آج کی نوجوان نسل کو برباد کر رہا ہے” کے عنوان سے منعقدہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن اور نعت شریف سے ہوا۔
اپنے خطاب میں مولانا عبدالعلیم ندوی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مومن کو تقویٰ، مقصدِ زندگی کی پہچان اور یومِ آخرت کی یاد رکھنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کا زوال بیرونی طاقتوں سے نہیں، بلکہ اندرونی اخلاقی و روحانی کمزوری سے شروع ہوتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ آج کے بہت سے مسلمان نوجوان کمزور ایمان، سیکولر تعلیمی ماحول، میڈیا کی منفی یلغار اور خاندانی تربیت کے فقدان کی وجہ سے اپنی شناخت، مقصد اور اللہ سے تعلق کھو رہے ہیں۔
مولانا نے کہا کہ ٹیکنالوجی، اسمارٹ فون، سوشل میڈیا اور غلط صحبت نوجوانوں کی سوچ کو متاثر کر رہی ہے جو نوجوانوں میں دین سے دوری کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب انسان اللہ کی پکڑ سے غافل ہوجاتا ہے تو لاپروائی کا شکار ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "انسان اللہ سے کچھ نہیں چھپا سکتا، حتیٰ کہ زمین بھی اس کے اعمال کی گواہی دے گی”۔
مولانا نے نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتی ہوئی جلدی مال کمانے کی خواہش اور دنیا کی رنگینیوں میں کھو جانے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا، جو محنت، دیانت اور حلال کمائی جیسی اقدار کو پیچھے چھوڑ رہی ہے—وہ اقدار جنہوں نے کبھی مسلم معاشرے میں امن، اتحاد اور برکت پیدا کی تھی۔
واضح رہے کہ ننھے مصنف انس ابن مولانا مصدق ہلارے کی کتاب پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم(آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق وعادات) کا اجراء مولانا موصوف کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ اس موقع پر شبینہ مکتب کے طلبہ نے ماہانہ کتاب مطالعہ میں سب سے زیادہ صفحات مطالعہ کرنے والوں کے درمیان انعامات تقسیم کیے گیے جس میں پہلے نمبر راشد ابن مولا کرانی 39 کتابیں 2357 صفحات کا مطالعہ کیا۔ اسی طرح ابوبکر ابن وصی اللہ ہلارے نے 22 کتابیں 2309 اور انس ابن مصدق ہلارے 38 کتابیں 1962 صفحات کا مطالعہ کیا۔
پروگرام میں حنیف آباد اور اطراف کے نوجوانوں سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔





