حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر پڑھیے افغان ترجمان کیا کہا؟

(فکروخبر/ذرائع)مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر افغان طالبان حکومت نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی ہے حماس کے رہنما یحییٰ سنوار صہیونی غاصبوں کے حملے میں شہید ہو گئے۔
افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم بہادر مجاہد بھائی یحییٰ سنوار کی شہادت پر حماس، تمام مجاہدین اور خاص طور پر فلسطین کے مظلوم اور مجاہد عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اللہ کی راہ میں شہادت ہر مسلمان اور لڑنے والے مجاہد کا سب سے بڑا خواب ہے، قابض اسرائیلیوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے مجاہدین قائدین کی شہادت سے دشمن کے خلاف جدوجہد کو کئی گنا زیادہ تقویت ملے گی۔
افغان حکومت نے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے مظلوم عوام کے مؤقف کی حمایت کریں، ان کے پیچھے کھڑے ہوں اور اس حوالے سے ذمہ داری پوری کریں جو سب پر لاگو ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فلسطین میں اسلامی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنے سربراہ یحییٰ سنوار کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کر دی۔
غزہ میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ ویڈیو بیان میں اعلان کیا کہ حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار اسرائیلی فورسز سے جھڑپ میں شہید ہو گئے ہیں۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ قائد یحییٰ سنوار اور تحریک کے دیگر قائدین و رہنماؤں کی شہادت ہماری تحریک اور مزاحمت کو صرف مزید طاقت، استقامت اور عزم فراہم کرے گی۔ ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جدوجہد کو بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔