گوکرنا (فکروخبر نیوز) اترکنڑا ضلع کے مشہور سیاحتی مقام گوکرنا کے ساحل پر اتوار کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں سمندر کی تیز اور خطرناک لہروں کی زد میں آنے سے دو سیاح ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان سمندر میں ڈوب کر لاپتہ ہوگیا۔ حادثے کے دوران دو دیگر سیاحوں کو بحفاظت ساحل پرپہنچایا گیا جنہیں علاج کے لیے گوکرنا کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بنگلورو کے بیلندور علاقے میں واقع الیوریکا ایکو اسپیس کمپنی کے 16 ملازمین کا ایک گروپ 31 اکتوبر کو سیر و تفریح کی غرض سے گوکرنا پہنچا تھا۔ یہ تمام افراد گوکرنا پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع دبّناششی بیچ کے کوجے ریسارٹ میں مقیم تھے۔
بتایا جاتا ہے کہ اتوار یکم نومبر کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے گروپ کے چند افراد سمندر میں نہانے کے لیے اترے تھے۔ اسی دوران اچانک سمندر کی بلند اور تیز لہروں نے پانچ سیاحوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ بہنے لگے۔
حادثہ دیکھتے ہی ریسارٹ کے لائف گارڈز اور مقامی ماہی گیروں نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کردی۔ بروقت کوششوں کے نتیجے میں چار افراد کو سمندر سے نکال کر ساحل تک پہنچایا گیا، جبکہ ایک نوجوان لہروں میں بہہ کر لاپتہ ہوگیا۔
سمندر سے نکالے گئے چاروں افراد کی طبیعت خراب ہونے کے باعث انہیں ایمبولینس کے ذریعے گوکرنا کے پرائمری ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر علاج شروع کیا۔ ان میں بنگلورو کے رہنے والے 26 سالہ نشانت ڈی وی اور محمد قاسم علاج کے بعد صحت یاب ہوگئے۔ تاہم 22 سالہ شوبھا داس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ شوبھا داس کا آبائی تعلق جھارکھنڈ کے جمشیدپور سے تھا اور وہ فی الحال بنگلورو میں مقیم تھیں۔
اسی حادثے میں شدید متاثر ہونے والے بنگلورو کے مسلم کالونی کے رہنے والے محمد اکرم کو مزید بہتر علاج کے لیے منی پال اسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم مرڈیشور کے قریب راستے ہی میں انہوں نے دم توڑ دیا۔
حادثے میں لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت بنگلورو کے کلیان نگر کے رہنے والے 24 سالہ وشوا اے کے کے طور پر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وشوا سمندر کی تیز لہروں میں بہہ جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ گوکرنا پولیس اور ساحلی محافظ دستے کے اہلکار ان کی تلاش میں سرگرم ہیں اور سمندر میں تلاشی مہم جاری ہے۔
دوسری جانب ہلاک ہونے والے دونوں سیاحوں کی لاشوں کو کاروار میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع متوفیوں کے اہل خانہ کو دے دی گئی ہے۔ رشتہ داروں کے پہنچنے کے بعد ان کی شکایت حاصل کرکے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں گوکرنا پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ لاپتہ نوجوان کی تلاش کا کام جاری ہے۔




