غازی پور (فکروخبر/ذرائع) غازی پور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 2 پر لگائے گئے گرینائٹ کی ٹوٹ پھوٹ اور جگہ جگہ زمین کے دھنسنے پر ریلوے افسران نے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ یہ نقصان چوہوں کی کارستانی ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر پلیٹ فارم کو اندر ہی اندر کتر دیا۔
واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب رکن پارلیمنٹ افضال انصاری اسٹیشن کا معائنہ کرنے پہنچے اور پلیٹ فارم کی حالت پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وضاحت دراصل بدعنوانی پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
گزشتہ دنوں بنارس میں منعقدہ ریلوے مشاورتی بورڈ کی میٹنگ میں رکن پارلیمنٹ نے اسٹیشن کی تعمیری بدانتظامی اور مبینہ کرپشن کی شکایت کی تھی، جس کے بعد جانچ کمیٹی تشکیل دی گئی اور اگلے ہی دن معائنہ عمل میں لایا گیا۔
افضل انصاری نے سوال اٹھایا کہ اگر چوہے اتنے بڑے نقصان کے ذمہ دار ہیں تو ان کے تدارک کے لیے ریلوے نے کیا اقدامات کیے؟ ان کا کہنا تھا کہ "یہ سارا معاملہ ناقص تعمیرات اور کرپشن کا نتیجہ ہے، اور سائنسی دور میں اس طرح کی صفائیاں ناقابلِ قبول ہیں۔”
رکن پارلیمنٹ نے یاد دلایا کہ ریلوے نے جس گرینائٹ کا استعمال کیا ہے وہ زلزلہ برداشت کرنے کی دعویدار ہے، تو پھر معمولی چوہے اسے کیسے نقصان پہنچا سکتے ہیں؟