غازی آباد: عمارت میں شدید آتشزدگی سے ایک خاتون سمیت تین بچوں کی موت

دہلی سے قریب غازی آباد کے لونی علاقے میں اتوار کی صبح ایک چار منزلہ عمارت میں شدید لگ گئی، جس کی زد میں آ کر ایک خاتون اور 3 بچوں سمیت 4 کی دردناک موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں ایک خاتون اور 6 سال کی بچی بھی بُری طرح جھلس کر زخمی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی پولیس نے آگ پر قابو پانے کے بعد لاشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

غازی آباد پولیس سے ملی خبر کے مطابق آج صبح 7:00 بجے انہیں اطلاع ملی کہ تھانہ لونی علاقہ کے تحت کنچن پارک محلہ میں ایک مکان میں آگ لگ گئی ہے۔ پولیس کے ذریعہ فوراً فائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کے ساتھ موقع پر پہنچی پولیس نے مکان میں لگی آگ کو بجھانے کی کوشش کی۔

فائر بریگیڈ محکمہ نے بتایا کہ 4 کھمبا روڈ گلی نمبر-5، کنچن پارک تھانہ لونی غازی آباد کے ایک مکان میں آگ لگی تھی۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچنے پر دیکھا کہ آگ چار منزلہ مکان میں سکینڈ فلور پر لگی تھی۔ پتلی گولی ہونے کی وجہ سے فائر ٹینکر کو باہر کھڑا کرکے برابر کے مکانوں سے حوض پائپ پھیلا کر آگ بجھانے کا کام شروع کیا گیا۔

مکان کا زینہ بہت پتلا تھا اور اس میں سامان رکھے ہونے کی وجہ سے اوپر جانے میں کافی مشکلات ہوئی۔ وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ مکان میں کچھ لوگ پھنسے ہیں، اس کے بعد برابر کے مکانوں سے اوپر جاکر اس مکان کی دیواریں توڑی گئیں۔ پھر بعد آگ بجھائی گئی تو اس کے اندر سے ایک خاتون اور 3 بچوں کی لاش برآمد ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک خاتون اور ایک بچی زخمی حالت میں ملی۔

مہلوکین کی شناخت شاہنواز کی اہلیہ گل بہار (32 سال)، جان محمد (9) ولد شاہنواز، شان (8) ولد شاہنواز، ذیشان (7) ولد شمشاد کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تین منزلہ مکان میں نیچے والے فلور پر ماں-باپ رہتے تھے، بیچ میں شاہنواز کا کنبہ رہتا تھا اور اس سے اوپر والی منزل پر شاہنواز کا بھائی رہتا تھا۔ آگ بیچ کی منزل پر لگی تھی، جہاں مہلوک رہتے تھے۔ آگ لگنے کے بعد ماں-باپ نیچے سے باہر نکل گئے، دوسرے بھائی کے بچے اوپر سے نکل گئے۔ باقی لوگ باہر نکلنے میں ناکام رہے اور آگ کی زد میں آ گئے۔