سرہند : امرتسر سے سہرسہ جانے والی غریب رتھ ایکسپریس میں ہفتہ کی صبح آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں ٹرین کے تین جنرل کوچ شدید متاثر ہوئے۔ حادثہ سرہند ریلوے اسٹیشن سے تقریباً آدھے کلومیٹر فاصلے پر پیش آیا، جب ٹرین کے ایک ڈبے سے دھواں نکلنے پر عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
مقامی پولیس اور ریلوے ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 7:30 بجے پیش آیا۔ آگ لگنے کی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم تکنیکی خرابی یا شارٹ سرکٹ کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔
ریلوے کے سرکاری بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ ڈبوں کی جانچ کے بعد ٹرین کو سہرسہ روانہ کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقے میں ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آگ محدود حصے تک پھیلی اور بروقت کارروائی کے باعث کسی جانی نقصان نہیں ہوا۔




