کرناٹک کے وزیر داخلہ جی پرمیشورا نے کہا ہے کہ غلط معلومات دے کر غربت کی لکیر سے نیچے (بی پی ایل) کارڈ حاصل کرنے والے سرکاری ملازمین، زمینداروں اور دو کاروں کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پیر کو میسور میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے،پرمیشورا نے کہا کہ بی پی ایل کارڈز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ آئی ٹی ریٹرن فائل کرنے والے بہت سے لوگوں کے پاس بی پی ایل کارڈ ہیں۔ سرکاری ملازمین، جن کے پاس تین ہیکٹر سے زیادہ اراضی ہے اور جن کے پاس دو کاریں ہیں ان کے پاس بی پی ایل کارڈ ہیں۔ اس پس منظر میں حکومت غلط معلومات فراہم کرکے حاصل کیے گئے بی پی ایل کارڈز کو واپس لے رہی ہے۔
پرمیشورا نے کہا کہ لوگوں کو رضاکارانہ طور پر اپنے کارڈ واپس کرنے یا اسے منسوخ کروانے چاہئیں۔ بصورت دیگر ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ اگر کسی نے بی پی ایل کارڈ حاصل کرنے کے لیے جھوٹ بولا ہے تو اس کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔