الیکٹرک گاڑیوں کے شوروم میں آگ لگنے سے بیس سالہ لڑکی پھنس گئی ، کوششوں بعد بھی جان کی بازی ہار گئی

بنگلورو : راجکمار روڈ پر شوروم کو آگ لگنے کے حادثہ میں بیس سالہ لڑکی اپنی جان کی بازی ہار گئی۔ یہ شوروم الیکٹرک گاڑیوں کا تھا جہاں بیس سے زائد گاڑیاں موجود تھیں۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکیوٹ بتائی جارہی ہے۔

مہلوکہ کی شناخت پریا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جو گزشتہ تین سالوں سے مذکورہ شوروم میں بطور کیشیئر کام کر رہی تھی۔

فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے بعد اس کی لاش ملبے سے نکالی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

 حادثہ کے بعد دیگر ملازمین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پریا عمارت کے اندر ہی پھنسی رہیں۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سینیئر اہلکار نے دکن ہیرالڈ کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ شوروم میں حفاظتی اقدامات مناسب نہیں تھے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ عمارت میں آگ بجھانے والے آلات نہیں تھے۔

راجہ نگر پولس اسٹیشن میں لاپرواہی کی وجہ سے موت کا معاملہ درج کیا گیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس (نارتھ) سیدولو ادوات نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔