فیس بک دوستی مہنگی پڑگئی : لندن کی خاتون کے نام پر منگلورو کے شخص سے 13.38 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی

منگلورو، 26 نومبر 2025: آن لائن دوستی نے ایک اور شخص کو بڑا مالی نقصان پہنچا دیا۔ کدری پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں ایک شخص سے 13.38 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسے بتایا گیا تھا کہ لندن سے آنے والی ایک خاتون کے ایئرپورٹ کسٹم مسائل حل کرنے کے لیے رقم درکار ہے۔

تفصیلات کے مطابق شکایت کنندہ نے رواں سال فروری میں فیس بک پر للیان میری جارج نامی خاتون سے دوستی کی تھی اور مسلسل چیٹنگ کا سلسلہ جاری تھا۔ نومبر میں للیان نے اسے بتایا کہ وہ بڑی مقدار میں رقم لے کر بھارت آرہی ہے۔

15 نومبر کو سونالی گپتا نامی خاتون نے شکایت کنندہ کو فون کیا اور بتایا کہ للیان ممبئی ایئرپورٹ پر 25,000 پاؤنڈز اور 1 کلو سونا لے کر پہنچی ہے، جن کی مجموعی قیمت تقریباً 30 لاکھ روپے بنتی ہے۔ مبینہ طور پر اسے ایئرپورٹ پر کسٹم فیس، ایکسچینج رجسٹریشن، ڈسکاؤنٹ چارجز، ڈیکلریشن اور منی لانڈرنگ جرمانے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

فون پر بات کرتے ہوئے دھوکہ بازوں نے مختلف مدوں میں رقم ادا کرنے کا دباؤ ڈالا اور متعدد بینک اکاؤنٹس فراہم کیے۔ للیان نے بھی کال پر شکایت کنندہ کو یقین دلایا کہ رقم بعد میں ملاقات کے وقت لوٹا دی جائے گی۔

15 سے 18 نومبر کے درمیان متاثرہ شخص نے مختلف لین دین میں مجموعی طور پر 13,38,900 روپے منتقل کر دیے۔ بعد ازاں جب اس نے رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا تو للیان نے دو دن میں رقم لوٹانے کا وعدہ کیا، مگر اس کے بعد کوئی جواب نہیں دیا۔

دھوکہ دہی کا احساس ہونے پر شکایت کنندہ نے کدری پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرایا۔ پولیس نے کیس کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ہانگ کانگ کی رہائشی عمارتوں میں خوفناک آتش زدگی : 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ٹرین میں صرف حلال گوشت کیوں ؟ این ایچ آرسی کا ریلوے کو نوٹس