"45 دن کے بچے سمیت 7 افراد سخت سردی میں بے گھر: آخر ذمہ دار کون؟”

یلگاوی:  ایک ہی خاندان کے سات افراد بشمول 45 دن کے بچے سردی میں رات گذارنے پر اس وقت مجبور ہوگیے جب بنک نے قرض کے سلسلہ میں گروی رکھا گیا گھرسیل کردیا۔ یہ واقعہ مدلگی تعلقہ کے ناگنور گاؤں میں پیر کو پیش آیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق کسان سیدپا شنکرپا گداڈی نے منگل کو کہا کہ اس نے ڈیری فارمنگ کے لیے ایکویٹاس سمال فائنانس بینک، چکوڈی سے 5 لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا ہے اور سود کے ساتھ تقریباً 3.16 لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی ہے۔ وہ پچھلی تین قسطیں ادا نہیں کر سکا کیونکہ اس کی بیٹی ڈیلیوری کے لیے گھر آئی تھی۔ اس کی بیٹی نے تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل ایک شیر خوار کو جنم دیا تھا۔

کسان کا کہنا ہے کہ وہ ماہانہ 14,390 روپے ادا کررہا ہے اور 27 قسطیں ادا کرچکا ہے  لیکن بینک حکام کا دعویٰ ہے کہ انہیں ان میں سے کوئی بھی قسط موصول نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بینک کے اہلکاروں نے مقامی پولیس کی مدد سے پیر کی شام گھر پر قبضہ کر لیا۔ کسان نے اپنی داستان سناتے ہوئے کہا کہ ہم نے پوری رات گھر کے صحن میں گزاری اور کھاد کے تھیلے کی چادروں کو ونڈشیلڈ کے طور پر استعمال کیا لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہمارے سات رکنی خاندان کو بینک حکام کی غیر انسانی حرکتوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔