دبئی میں سیاحت کا نیا ریکارڈ، 9 ماہ میں 13.29 ملین سیاحوں کی آمد

(فکروخبر/ذرائع)دبئی میں محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے اپنے شعبے کی کارکردگی اور بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے نئے اعدادوشمار جاری کیے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ اقتصادیات و سیاحت نے بتایا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران 13.29 ملین بین الاقوامی سیاح دبئی آئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران یہ تعداد 12.40 ملین تھی جس میں اس سال تقریبا 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
محکمے کے اعدادوشمار کے مطابق جس میں سیاحوں کی مجموعی تعداد، ہوٹل کے کمروں کی تعداد اور ہوٹل میں یومیہ بکنگ کے حوالے سے تمام باتیں پیش کی گئی ہیں۔
نئے اعدادوشمار کے مطابق مغربی یورپ سیاحوں میں سرفہرست رہا جہاں سے جنوری سے ستمبر 2024 کے دوران سیاحوں کی کل تعداد کا 19 فیصد 2.56 ملین سیاح ریکارڈ کیے اس کے بعد جنوبی ایشیا کے سیاحوں کا نمبر آتا ہے جو کل تعداد کا 17 فیصد 2.27 ملین رہے۔
جی سی سی ممالک اس حوالے سے 15 فیصد حصے 20 لاکھ سیاحوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ مشرقی یورپ کے سیاح 14 فیصد (1.8 ملین) کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ ایشیائی ممالک کا حصہ 10 فیصد (13 لاکھ) سیاح رہا۔
امریکہ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 877 ہزار سے زائد رہی جو کل سیاحوں کا 7 فیصد، اسی طرح افریقہ کے سیاحوں کی تعداد 5 فیصد (636 ہزار) رہی اور آسٹریلیشیا سے 2 فیصد (256 ہزار) سیاح آئے۔
محکمہ اقتصاد و سیاحت کے اعدادوشمار کے مطابق ستمبر کے آخر تک دبئی میں 826 ہوٹلوں میں ایک لاکھ 52 ہزار کمرے تھے جبکہ گزشتہ ستمبرتک دبئی میں 815 ہوٹلز کے ایک لاکھ 48 ہزار 800 کمرے تھے۔
دبئی کی ہوٹل مارکیٹ میں فائیو سٹار لگژری ہوٹل کے کمروں کا حصہ 35 فیصد جس میں 166 ہوٹلوں میں 52 ہزار 900 کمرے ہیں۔ اسی طرح فور سٹار ہوٹل کے کمروں کا حصہ 29 فیصد ہے اور یہ 197 ہوٹل ہیں جن میں کمروں کی تعداد 43 ہزار 800 ہے۔
تھری سٹار اور سٹار ہوٹلوں کا کا حصہ 19 فیصد ہے اور 275 ہوٹلوں کے 28 ہزار 900 کمرے اس حوالے سے سیاحوں کے لیے موجود تھے۔
ہوٹل اپارٹمنٹس بلڈنگز کی تعداد 188 ہے اور اس میں 26 ہزار 400 کمرے رجسٹرڈ ہیں جو دبئی ہوٹل مارکیٹ کا 17 فیصد ہیں۔ دبئی میں 2024 میں 9 ماہ کے دوران ہوٹلوں میں رہائش کی شرح 76.4 فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 75.7 فیصد تھی۔
اسی طرح 2024 میں 9 ماہ کے دوران بین الاقوامی سیاحوں نے 31.28 ملین راتیں دبئی میں قیام کیا جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران یہ دورانیہ 30.44 ملین راتوں کا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق دبئی میں ایک ہوٹل کے کمرے کا اوسط یومیہ کرایہ 487 درھم تک پہنچ گیا جبکہ 2023 میں اسی عرصے کے دوران یہ 474 درھم تھا جس میں اس سال 3 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دستیاب کمروں کا اوسط کرایہ 372 درھم رہا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں 358 درھم تھا جس میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔