بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر مریم اسحاقی 2 نومبر سے بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں اپنی طبی خدمات کا آغاز کریں گی۔ وہ ایک سال تک اس اسپتال میں خدمات انجام دیں گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں خدمات انجام دینے کا موقع ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے آبائی شہر بھٹکل کو ترجیح دی ہے۔
ڈاکٹر مریم کے والد جناب ریاض احمد نے فکروخبر کو بتایا کہ ان کی بیٹی نے سالِ گزشتہ سال بنگلورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی۔ انہیں سرکاری کوٹے کے تحت میڈیکل نشست حاصل ہوئی تھی، جس کی شرائط کے مطابق انٹرن شپ کی تکمیل کے بعد ایک سال تک کسی سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دینا ضروری ہے۔
جناب ریاض احمد کے مطابق ڈاکٹر مریم کو ریاست کرناٹک کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا موقع حاصل تھا، تاہم انہوں نے اپنے آبائی شہر بھٹکل میں خدمات انجام دینے کو ترجیح دی اور یہاں کے سرکاری اسپتال میں ایک سال تک خدمات پیش کرنے کا موقع حاصل کیا۔
ڈاکٹر مریم کے اس فیصلے کو مقامی سطح پر طبی خدمات کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جارہا ہے۔
سماجی کارکنان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ علاج و معالجے کے لیے بھٹکل کے سرکاری اسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں سے استفادہ کریں۔




