کرناٹک : نائب وزیر اعلیٰ کا بلاری کا دورہ ، امن کی اپیل

بلاری (فکروخبر نیوز) بلاری میں بینر لگانے کے معاملے پر پیش آئے تشدد اور فائرنگ کے واقعہ نے ریاست بھر میں سیاسی ہلچل مچا دی ہے۔ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے خلاف فوٹیج جاری کر کے معاملے کو مزید گرم کر دیا ہے۔

بی جے پی کی جانب سے ایم ایل اے بھرت ریڈی کی طرف سے فائرنگ کی مبینہ فوٹیج جاری کی گئی، وہیں کانگریس پارٹی نے بی جے پی کارکنوں پر نمک پاوڈر پھینکنے اور بینر اڑانے کے الزامات کے ساتھ ویڈیوز سامنے لائی ہیں۔

اسی تناظر میں نائب وزیر اعلیٰ اور کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار نے آج بلاری کا دورہ کیا اور امن و امان کی بحالی کی اپیل کی۔ تشدد کے واقعات کے بعد کشیدہ بلاری اب بڑی حد تک معمول پر آ چکا ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے فسادات کے دوران ہلاک ہونے والے کانگریس کارکن راج شیکھر کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر راج شیکھر کی والدہ تلسی اپنے بیٹے کو یاد کرتے ہوئے جذباتی نظر آئیں۔ نائب وزیر اعلیٰ  نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔

بعد ازاں ڈی کے شیوکمار نے ضلع کے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا، جس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو ہر حال میں امن برقرار رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پروگرام کے بینر پھاڑے جانے کے بعد پیش آیا اور اگر کسی سطح پر غلطی ہوئی ہے تو پارٹی اس کی ذمہ داری قبول کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی صورت میں تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔