ممبئی: مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ کی کرسی کے لیے بی جے پی اور شندے گروپ کے درمیان رسہ کشی کئی دنوں سے جاری تھی اور مختلف خبریں آرہی تھیں۔
آج اس بات پر مہر لگ گئی کہ بی جے پی کے سینئر رہنما دیویندر فڑنویس بروز جمعرات مہاراشٹرا کے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ بی جے پی کی کور کمیٹی نے فڑنویس کے نام پر اتفاق کیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری دعوت نامہ جاری کیا گیا ہے۔ فڑنویس کو وزیرِ اعلیٰ بنانے کا اعلان پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا، جس میں مرکزی وزیر نرملا سیتارمن، گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ وجے روپانی اور فڑنویس شریک تھے۔ بی جے پی نے سیتارمن اور روپانی کو پارٹی کی مہاراشٹر کے قانون ساز اجلاس کے لیے مرکزی نگران مقرر کیا ہے۔
مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں بی جے پی نے زبردست کامیابی حاصل کی اور 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 132 سیٹیں جیت کر اب تک کا بہترین مظاہرہ کیا۔ بی جے پی کے ساتھ اس کے اتحادیوں کو 230 سیٹوں کا اکثریتی نمبر حاصل ہے، جس کے بعد فڑنویس کا وزیرِ اعلیٰ بننا تقریباً طے تھا۔