دہلی کے نیچر بازار میں بھیانک آگ، تقریباً 50 دکانیں جل کر راکھ

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی کے اندھیریا موڑ علاقے میں واقع نیچر بازار میں اتوار کی صبح اچانک زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس بھیانک آتشزدگی میں تقریباً 50 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دہلی فائر سروس (DFS) کے حکام کے مطابق آگ لاڈو سرائے کے قریب اندھیریا موڑ پر واقع نیچر بازار میں لگی، جہاں دستکاری اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والی متعدد عارضی اور نیم مستقل دکانیں قائم ہیں۔

فائر سروس کو اتوار کی صبح تقریباً 7:37 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 فائر ٹینڈرز کو موقع پر روانہ کیا گیا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر فائٹرز نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔

اگرچہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم آگ کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ دکانوں میں موجود سامان، نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئیں۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ یا سازش کارفرما ہے۔ پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیمیں اس سلسلے میں تفصیلی جانچ کر رہی ہیں۔