دہلی میں سردی اور آلودگی کا دہرا وار،اسکول بند اور ٹرانسپورٹ متاثر، کہرے کے سبب حادثات

راجدھانی دہلی میں فضائی آلودگی نے تشویشناک صورت حال اختیار کر لی ہے۔ دہلی میں منگل کو صبح سے ہی کہرے کی چادر بچھی رہی، جس سے حد نگاہ بہت ہی کم ہو گئی۔ اس سے سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے اور انہیں لائٹ جلا کر ہی چلنا پڑ رہا ہے۔ کہرے اور دھند کا ٹرینوں اور پروازوں پر کافی اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دہلی کو آنے والی کئی ٹرینیں کئی دنوں سے مسلسل تاخیر سے چل رہی ہیں وہیں کئی پروازوں کو بھی ڈائیورٹ کرنا پڑ رہا ہے۔

کہرے اور ٹھنڈک کے بڑھتے احساس کے درمیان زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں بھی گراوٹ درج کی گئی ہے۔ اس کے سبب صبح اور شام ہی نہیں دن میں بھی ٹھنڈ محسوس کی جا رہی ہے۔ کہرے کی لپیٹ میں آئے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر صبح 7 بجے حد نگاہ انتہائی کم 100 میٹر درج کی گئی جبکہ صفدر گنج میں ساڑھے سات بجے 150 میٹر ریکارڈ ہوئی۔

گریٹر نوئیڈا میں ایسٹرن پیری فیریل شاہراہ پر شدید کہرے کی وجہ سے بڑا حادثہ بھی ہوا ہے۔ یہاں ایک کے بعد ایک تین سے چار گاڑیاں آپس میں متصادم ہوگئیں جس سے 15 سے زیادہ لوگوں کو چوٹیں آئیں ہیں۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا ہے۔

دوسری طرف ایئر کوالیٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کی بات کی جائے تو منگل کو بھی دہلی-این سی آر میں حالات انتہائی خراب ہیں۔ یہاں جہانگیر پوری اور علی پور دہلی میں اے کیو آئی 1000 تجاوز کر گیا ہے اور بالترتیب 1036 اور 1019 درج کیا گیا۔ اس کے علاوہ نریلا نئی دہلی میں اے کیو آئی 918، پنجابی باغ دہلی میں 840، آئی ٹی آئی شاردا دہلی میں 878، سونیا وِہار دہلی میں 721، لونی نئی دہلی میں 629 ریکارڈ کیا گیا۔