"انتخابی موسم میں نام کی تبدیلی : سرائے کالے خاں چوک اب ’برسا منڈا چوک‘”

مودی حکومت نے دہلی میں واقع مشہور اور تاریخی اہمیت کے حامل ’سرائے کالے خاں چوک‘ کا نام بھی تبدیل کر دیا ہے۔ اب اسے ’برسا منڈا چوک‘ کہا جائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ٹویٹ کیا کہ ’’آج قبائلی یومِ وقار کے موقع پر نئی دہلی کے بانسیرا گارڈن میں ’بھگوان‘ برسا منڈا جی کے مجسمہ کی رونمائی کی، اس موقع پر مودی حکومت کے ذریعہ سرائے کالے خاں چوک کا نام بدل کر ’بھگوان برسا منڈا چوک‘ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔‘‘ اس سے قبل امیت شاہ برسا منڈا کے مجسمہ کی رسم رونمائی میں شریک بھی ہوئے۔ ان کے ساتھ اس تقریب میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ اور مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر کے علاوہ بی جے پی کے کئی سرکردہ لیڈران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امیت شاہ نے کہا کہ برسا منڈا ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ آج ان کا ۱۵۰؍واں یومِ پیدائش ہے۔ اس سال کو قبائلی یومِ وقار کی طرح  منایا جائے گا۔ اپنے خطاب میں برسا منڈا کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برسا منڈا یقینی طور پر آزادی کے ہیروز میں سے ایک تھے۔ انہوں نے اس دور میں تبدیلیٔ مذہب کے خلاف آواز اٹھائی تھی جب پورے ملک پر انگریزوں کی حکومت تھی۔ اس وقت انہوں نے تبدیلیٔ مذہب کے خلاف کھڑے ہونے کی ہمت دکھائی تھی۔ واضح رہے کہ برسا منڈا جھارکھنڈ کے آئیکون کہلاتے ہیں اور یہ تقریب وہاں الیکشن کے تناظر میں اہم تھی۔