طوفان فینگل :  ضلع جنوبی کنیر ا اور اڈپی کے اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان

منگلورو/اڈپی : طوفان فینگل کی وجہ سے موسلادھار بارش کے امکانات کو پیشِ نظر ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے دکشینا کنڑ اور اڈپی ونگ نے منگل 3 دسمبر کو ضلع کے تمام اسکولوں اور پی یو کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اس حکم نامہ میں آنگن واڑی، سرکاری، امداد یافتہ، پرائیویٹ پرائمری اور سیکنڈری اسکول اور 12ویں جماعت تک کے پری یونیورسٹی کالج شامل ہیں۔ احتیاطی اقدام کے طور پردونوں اضلاع میں اورنج الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔ باقی تمام کالجز اور ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

یہ فیصلہ انڈین میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ اور کرناٹک اسٹیٹ نیچرل ڈیزاسٹر منیجمنٹ سینٹر کی جانب سے خطوں میں طوفان کے ممکنہ اثرات سے متعلق انتباہات کے بعد آیا ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کئی احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں۔

پبلک سیفٹی ایڈوائزری: متوقع موسلادھار بارش کی وجہ سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ حادثات کو روکنے کے لیے ندیوں، ندی نالوں اور بجلی کی لائنوں کے قریب کے علاقوں سے گریز کریں۔

ہنگامی صورتحال کی اطلاع دینا: کسی بھی قدرتی آفت سے متعلق واقعات یا ممکنہ خطرات کی صورت میں رہائشیوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ متعلقہ پنچایت یا شہری بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر مطلع کریں۔