بھٹکل)فکروخبر/پریس ریلیز) مئی میں منعقد ہونے والے کوسٹل کرناٹک ہسٹری سمٹ 2026 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ 22 فروری 2026 کو اس تقریب کے باضابطہ لوگو کی نقاب کشائی اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) بھٹکل یونٹ کی جانب سے دعوت سینٹر میں انجام دی گئی۔ یہ سمٹ 5 مئی 2026 کو منعقد ہوگا۔
یہ تعلیمی اقدام سنٹر فار ایجوکیشن اینڈ ریسرچ اینڈ اینالیسس (CERA) کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔ سمٹ کا مقصد ساحلی کرناٹک کی تاریخی ترقی کو منظم انداز میں دستاویزی شکل دینا اور اس کا تحقیقی و تجزیاتی مطالعہ پیش کرنا ہے۔ اس میں اترا کنڑ، اڈپی، دکشینا کنڑ اور کاسرگوڈ کے ملحقہ علاقوں کی تاریخ کو شامل کیا جائے گا۔
لوگو اجرا کی تقریب کے دوران منتظمین نے محققین، اسکالرز، ماہرین تعلیم اور طلبہ سے اصل اور غیر مطبوعہ تحقیقی مقالہ جات طلب کیے۔ 200 الفاظ تک محدود خلاصہ انگریزی یا کنڑ زبان میں جمع کرایا جا سکتا ہے، جس میں تحقیقی سوال، طریقۂ کار اور اہم نتائج کی وضاحت ضروری ہوگی۔ خلاصہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے، منتخب شرکاء کو 15 مارچ تک مطلع کیا جائے گا جبکہ مکمل مقالہ 20 اپریل تک جمع کرانا ہوگا۔
سمٹ میں پانچ اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی جن میں ساحلی پٹی کے تجارتی اور معاشی نیٹ ورکس، سمندری راستے، بندرگاہی شہر، ماہی گیری اور کالی مرچ جیسی تجارتی اشیاء شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلامی، عرب، فارسی اور مقامی روایات کے سماجی و ثقافتی اثرات اوربین الاجتماعی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ تولو، کونکنی، بیری، مویا ملیالم اور نوائطی جیسی لسانی برادریوں کی ابتدا و ارتقاء کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ مختلف ادوار کی حکمرانی جیسے الوپا خاندان، رانی اباکا، ٹیپو سلطان اور بھٹکل کے نوائط سلاطین کے انتظامی نظام اور آزادی کے بعد کی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ مزید برآں نارائن گرو، ملک دینار، واکم مولوی، سید فضل پاشا اور قدمل رنگا راؤ جیسے نمایاں سماجی مصلحین کی خدمات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
لوگو کی نقاب کشائی کے موقع پر سینئر صحافی ڈاکٹر حنیف شباب، جے آئی ایچ بھٹکل کے صدر مولانا سید زبیر ایس ایم، ایس آئی او بھٹکل کے صدر محمد زیان بنگالی، یونٹ سکریٹری فتح رضا مانوی اور میڈیا سکریٹری مشائخ طالش سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ مزید معلومات یا خلاصہ جمع کرانے کے خواہشمند محققین [email protected] پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
