کانگریس مغربی بنگال کی تمام 294 اسمبلی نشستوں پر بغیر اتحاد کے انتخاب لڑے گی

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے جمعرات کوملکا ارجن کھرگے کی رہائش گاہ پر ایک اہم میٹنگ کی۔

مغربی بنگال میں سیاست گرم ہو گئی ہے کیونکہ ریاست میں اس سال کے آخر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ حکمراں ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ اس کے درمیان وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت میں ٹی ایم سی نے اپوزیشن کے انڈیا بلاک کا حصہ ہونے کے باوجود کانگریس یا کسی اتحادی کے ساتھ اتحاد پر بات چیت شروع نہیں کی ہے۔

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس میٹنگ میں پارٹی صدر کے ساتھ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے متعدد سینئر رہنما شریک ہوئے۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام احمد میر نے بتایا کہ کانگریس کی اعلیٰ قیادت اور مغربی بنگال کانگریس کمیٹی کے لیڈران کے درمیان تفصیلی نشست ہوئی، جس میں آئندہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی حکمتِ عملی پر غور و خوض کیا گیا اور تمام شرکاء نے اپنی آرا پیش کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ طے پایا ہے کہ کانگریس مغربی بنگال کی تمام 294 اسمبلی نشستوں پر اکیلے ہی انتخاب لڑے گی اور اسی بنیاد پر پارٹی اپنی تیاریوں کو آگے بڑھائے گی۔