بنگلورو (فکروخبر نیوز) محکمہ موسمیات (IMD) نے ساحلی کرناٹک کے لیے آئندہ چند دنوں کے دوران شدید بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں کے پیشِ نظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے مطابق یکم، 2، 5، 6 اور 7 جولائی کو ساحلی اضلاع میں انتہائی شدید بارش متوقع ہے، جبکہ 3 اور 4 جولائی کو بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق دکشن کنڑ، اڈپی اور اتر کنڑ اضلاع، جن میں بھٹکل، ہوناور، کمٹہ اور کاروار شامل ہیں، شدید بارش کی زد میں رہ سکتے ہیں۔ ان علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سمندر میں طغیانی اور بلند لہروں کے خدشے کے پیش نظر ماہی گیروں اور ساحلی علاقوں کے مکینوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
دکشن کنڑ کے ڈپٹی کمشنر درشن ایچ وی نے ضلع کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں کل بروز جمعرات (2 جولائی) کو چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری احکامات کے مطابق، ضلع کی تمام آنگن واڑیوں، پرائمری و ہائی اسکولوں اور پری یونیورسٹی (PU) کالجوں میں احتیاطی تدابیر کے طور پر تعطیل رہے گی۔
ادھر شمالی اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں بھی آئندہ ایک ہفتے کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اندرونی اضلاع میں 5 سے 7 جولائی کے دوران بارش کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
ریاستی حکومت نے تمام ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات پر نظر رکھیں اور غیر ضروری طور پر نشیبی علاقوں اور سمندری ساحلوں کا رخ کرنے سے گریز کریں۔ اگلے چند دنوں تک ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش کا زور برقرار رہنے کا امکان ہے۔




