بنگلورو(فکروخبرنیوز) چنّاسوامی اسٹیڈیم کے باہر پیش آئے افسوسناک بھگدڑ واقعے کے بعد کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو کانگریس ہائی کمان نے دہلی طلب کیا ہے۔ وہ منگل کو دہلی پہنچ کر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، راہل گاندھی اور جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں وہ سانحے کی وجوہات، حفاظتی ناکامیوں اور اپوزیشن کی تنقید کے حوالے سے تفصیلی وضاحت پیش کریں گے۔
سانحے کے بعد حکومت پر دباؤ بڑھا ہے اور اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ و نائب وزیر اعلیٰ کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ سدارامیا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ پولیس افسران کو معطل کیا اور عدالتی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ بھی دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کانگریس قیادت کابینہ میں ردوبدل، خالی نشستوں پر تقرریوں، بعض وزراء پر بدعنوانی کے الزامات اور پارٹی تنظیم میں ممکنہ تبدیلیوں پر بھی غور کر رہی ہے۔ کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر دہلی میں ہونے والی ملاقاتوں سے قیادت مطمئن نہ ہوئی تو ریاستی سطح پر بڑے فیصلے ممکن ہیں۔ سدارامیا کے بنگلورو واپس پہنچنے کے بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس متوقع ہے، جہاں اہم سیاسی فیصلے اور اعلانات کیے جاسکتے ہیں۔