چتردرگہ میں سڑک حادثہ: ڈی وائی ایس پی کی والدہ سمیت دو افراد جاں بحق، تین زخمی

چتردرگہ : ضلع کے چتردرگہ تعلقہ میں تمتکالو گاؤں کے قریب ایک انووا کار کے لاری سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو افراد کی موت ہوگئی، جب کہ ڈی وائی ایس پی ویشنوی سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے میں ڈی وائی ایس پی ویشنوی کی والدہ کمل (65) اور کار ڈرائیور راکیش (40) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر چتردرگہ کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق ڈی وائی ایس پی ویشنوی، جو مہاراشٹر کے کولہاپور میں تعینات ہیں، اپنی والدہ کے ساتھ تمل ناڈو کے سفر کے بعد واپس کولہاپور لوٹ رہی تھیں کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ سی پی آئی بالاچندر نائک نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور معائنہ کیا۔ واقعہ چتردرگہ دیہی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔