چنا سوامی بھگدڑ: اپوزیشن کا حکومت سے شفاف تحقیقات اور خصوصی اجلاس کا مطالبہ

  بنگلور، 17 جون: اپوزیشن لیڈر آر اشوک نے چنا سوامی اسٹیڈیم میں پیش آئے افسوسناک بھگدڑ کے واقعے پر ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عدالتِ عالیہ کو اس معاملے میں ازخود نوٹس لینا پڑا ہے تو یہ حکومت پر عدم اعتماد کی واضح علامت ہے۔

انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعے میں واقعی بے قصور تھی، تو اُسے بروقت اور شفاف تحقیقات کا آغاز کرنا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی حکومت کی مبینہ غفلت ہی اس بات کا سبب بنی کہ عدالت کو مداخلت کرنی پڑی، جو اس امر کی دلیل ہے کہ نہ صرف عوام بلکہ عدلیہ کو بھی حکومت کی نیت پر اعتماد نہیں رہا۔

آر اشوک نے مزید کہا کہ اس سانحے میں 11 افراد کی جانیں ضائع ہوئیں، اور متاثرہ خاندانوں کو اعتماد میں لے کر انکوائری کے لیے کوئی مناسب فورم تشکیل دیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلے ڈپٹی کمشنر، پھر ریٹائرڈ جج، اور اب ایس آئی ٹی کے ذریعے تحقیقات کا حکم دیا گیا، مگر کسی بھی مرحلے پر شفافیت اور سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ واقعے کے وقت کرکٹ کھلاڑیوں کے ساتھ تصویریں کھنچوانے میں مصروف تھے، جبکہ ودھان سودھا کے اطراف لاکھوں افراد کا ہجوم بغیر کسی مناسب سیکیورٹی کے جمع تھا، جس کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا۔

بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ جب اپوزیشن احتجاج کرتی ہے تو پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جاتی ہے، لیکن اس بار جب دو لاکھ سے زائد افراد کے جمع ہونے کی توقع تھی، انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے حکومت کو چیلنج دیا کہ اگر اس واقعے میں اس کی کوئی کوتاہی نہیں تو وہ لیجسلیچر کا خصوصی اجلاس طلب کرے اور عوام کے سامنے تمام حقائق پیش کرے۔

آر اشوک نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت زیادہ دیر چلنے والی نہیں اور امکان ہے کہ یہ اکتوبر سے پہلے ہی ختم ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2028 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی واپسی ممکن نہیں ہوگی کیونکہ پارٹی کے بیشتر اراکینِ اسمبلی خود کو وزیر اعلیٰ سمجھ رہے ہیں جس کی وجہ سے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار شدید دباؤ میں ہیں۔

احمد آباد-لندن ایئر انڈیا کی پہلی پرواز روانگی سے قبل منسوخ، تکنیکی خرابی بنی وجہ

آسام: گولپاڑہ میں آبستان پر آباد ۶۶۰؍ خاندانوں کے گھر وں کا انہدام