(فکروخبر/ذرائع)چین میں ایک تشویشناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک کم عمر بچی کے ہاتھ میں موجود موبائل فون اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو گھر میں نصب سیکیورٹی کیمرے میں محفوظ ہو گئی، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین میں تشویش پیدا کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی گھر کے صوفے پر بیٹھی موبائل فون استعمال کر رہی تھی۔ اس دوران فون چارجر سے منسلک تھا اور بچی اسے اپنے چہرے کے قریب رکھ کر استعمال کر رہی تھی۔ اچانک چند لمحوں بعد موبائل فون زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔
اچانک دھماکے سے بچی بری طرح گھبرا گئی اور توازن کھونے کے باعث صوفے سے نیچے جا گری۔ تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں بچی کسی بڑی چوٹ سے محفوظ رہی۔
ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں دنیا کے مختلف ممالک میں موبائل فون کے پھٹنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حادثات عموماً بیٹری کے زیادہ گرم ہونے، خراب بیٹری، غیر معیاری چارجر یا چارجنگ کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آ سکتے ہیں۔ ماہرین صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ موبائل فون استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں اور خاص طور پر چارجنگ کے دوران فون کو چہرے کے قریب استعمال کرنے سے گریز کریں۔
