منگلورو : بیرونِ ملک روزگار کے خواب دکھا کر کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے دو مرکزی ملزمان کو منگلورو سٹی کرائم برانچ (CCB) پولیس نے ممبئی سے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گرفتاری اس معاملہ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں 289 افراد سے کل ملا کر تقریباً 4.5 کروڑ روپے کا دھوکہ کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے منگلورو کے بینڈور ویل علاقے میں "Hireglow Elegant Overseas International (Opc) Pvt. Ltd.” کے نام سے ایک دفتر کھولا اور اخبارات میں دلکش اشتہارات کے ذریعے بیرونِ ملک ملازمتوں کے لیے ورک ویزا فراہم کرنے کے دعوے کیے۔ ان جھوٹے دعوؤں کے جھانسے میں آ کر سینکڑوں افراد نے بھاری رقوم ادا کیں، مگر نہ کوئی ویزا ملا، نہ کوئی نوکری۔
یہ معاملہ پہلے ہی منگلورو ایسٹ پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 75/2025 کے تحت بھارتیہ نیا سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 316(2)، 318(4) اور 3(5) کے تحت درج کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی میں ایک اور ملزم، مسیح اللہ خان کو پہلے ہی حراست میں لیا تھا، جو اس وقت عدالتی حراست میں ہے۔ گرفتار شدہ افراد کی شناخت دلشاد عبدالستار خان (45)، رہائشی کوپرکھیرانے، نوی ممبئی اور ساہوکاری کشور کمار عرف انیل پاٹل (34)، رہائشی ڈومبیولی، تھانے کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔
پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تفتیش جاری ہے۔