سڑک حادثہ میں دو ڈاکٹروں سمیت تین افراد کی موت ، ایک شدید زخمی

 یکم دسمبر2024 : آندھرا پردیش میں پیش آئے سنگین سڑک حادثہ میں تین افراد کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہے۔ ڈاکٹروں کا تعلق کرناٹک سے بتایا جارہا ہے جو ہانگ کانگ میں اپنی چھٹیاں منانے کے بعد بنگلورو ہوائی اڈے سے لوٹ رہے تھے۔

اتوار کی علی الصبح ضلع اننت پور کے وڈاپنکل گاؤں کے نزدیک ایک کارسڑک کے کنارے درخت سے ٹکرا جانے سے دو ڈاکٹروں سمیت تین افراد کی موت ہو گئی اور تیسرا زخمی ہو گیا۔

پولیس نے بتایا کہ کار ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور درخت سے ٹکرایا۔ حادثے میں گاڑی بری طرح تباہ ہوگئی اور تینوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ کہرے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔مرنے والوں میں سے دو کرناٹک کے بیلاری کے ایک سرکاری اسپتال کے ڈاکٹر تھے۔ ان کی شناخت یوگیش (52) اور گووندراجو (54) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس حادثے میں کار ڈرائیور وینکٹا نائیڈو (53) کی بھی موت ہوگئی۔

ایک اور ڈاکٹر امر گوڈ (55) شدید طور پر زخمی ہوئے اور انہیں بیلاری کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ فی الحال تحقیقات جاری ہیں۔