دارالحکومت تل ابیب میں منگل کو فائرنگ اور چاقو کے حملے میں 6 افراد ہلاک: اسرائیلی پولیس

(فکروخبر/ذرائع)اسرائیل کے معاشی دارالحکومت تل ابیب میں منگل کو ہونے والے ایک مشتبہ حملے میں کم ازکم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی پولیس نے اس حملے کو فائرنگ اور چاقو سے حملہ قرار دیا ہے جو ایران کی جانب سے تل ابیب کے قریب اہداف پر 180 میزائل داغے جانے سے کچھ دیر قبل ہوا تھا۔
پولیس نے ایک بیان میں کہا’ میڈیکل ذرائع کے مطابق چاقو زنی اور دہشت گرد حملے مں 6 شہری ہلاک اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔‘
بیان میں گیا کہ ’یہ حملہ اس وقت ہوا جب دو مسلح افراد نے شہر کے لائٹ ریل نیٹ ورک کے مسافروں پر حملہ کیا اور پھر پیدل فرار ہوگئے۔‘
بعد ازاں پولیس اور وہاں موجود شہریوں نے ذاتی اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے ’اُن سے لاحق خطرے کو ختم کر دیا گیا۔‘
آن لائن پوسٹ کی جانے والی فوٹیج میں حملے کے بعد تل ابیب مں لوگ سڑکوں پر پڑے دکھائی دے رہے ہیں۔
کسی گروپ نے حملہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اس سے قبل اسرائیلی پولیس نے کہا تھا کہ تل ابیب میں مسلح افراد نے فائرنگ کی جس میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ٹی وی فوٹیجز میں مسلح افراد کو لائٹ ریل سٹیشن سے باہر نکل کر فائر کرتے ہوئے دکھا جاسکتا تھا۔
اسرائیل کی ایم ڈی اے ایمبولینس سروس نے بتایا تھا کہ اس نے شام سات بج کر ایک منٹ پر فائرنگ کی رپورٹ وصول کی۔ طبی عملے نے موقع پر ہی کئی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ زخمی میں سے کئی ایک بے ہوش تھے۔