یوپی، بہار اور راجستھان سمیت 15 صوبوں کی 2 پارلیمانی اور 48 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات، جانئے کہاں اور کب؟

الیکشن کمیشن نے منگل کے روز مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی کے ساتھ ہی ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ 15 صوبوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 پارلیمانی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کے لیے تاریخ سامنے آ گئی ہے۔ جن 2 پارلیمانی یعنی لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونا ہے وہ ناندیڑ اور وائناڈ ہیں۔ حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا انتخاب میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے وائناڈ اور امیٹھی دونوں جگہوں سے الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے دونوں جگہوں سے جیت حاصل کی تھی، جس کے بعد اصول کے مطابق وائناڈ سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس وجہ سے وائناڈ لوک سبھا کی سیٹ خالی ہو گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اتر پردیش کی 9 اسمبلی سیٹوں سمیت باقی 14 صوبوں کی 47 اسمبلی سیٹوں پر 13 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر بھی ووٹنگ کے لئے 13 نومبر کی ہی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اتراکھنڈ کی کیدارناتھ اسمبلی سیٹ اور مہاراشٹر کی ناندیڑ لوک سبھا سیٹ پر 20 نومبر کو ضمنی انتخاب، یعنی ووٹنگ کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے لیا ہے۔ سبھی سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔

اگر سب سے بڑے صوبہ اتر پردیش کی بات کریں تو یہاں مجموعی طور پر 10 سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہونے تھے۔ ان میں کانپور کی سیسامئو، پریاگ راج کی پھول پور، مین پوری کی کرہل، مرزاپور کی مجھواں، ایودھیا کی ملکی پور، امبیڈکر نگر کی کٹیہری، غازی آباد صدر، علی گڑھ مراد آباد کی کندرکی اور مظفر نگر کی میرا پور سیٹیں شامل ہیں۔ حالانکہ الیکشن کمیشن نے ملکی پور سیٹ کے لئے ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ یہ سیٹ سماجوادی پارٹی لیڈر اودھیش پرساد پاسی کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی ہے۔ انہوں نے لوک سبھا الیکشن میں فیض آباد سیٹ سے جیت درج کرنے کے بعد یوپی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔

راجستھان میں مجموعی طور پر 7 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں۔ یہاں 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ راجستھان کی ان سات سیٹوں میں دوسا، دیولی-انیارا، سلنبر، جھنجھنو، چوراسی، کھنیوسر اور رام گڑھ اسمبلی سیٹ شامل ہے۔

چھتیس گڑھ کے رائے پور جنوب اسمبلی کے ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ یہاں 13 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 23 نومبر کو ہی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نامزدگی پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہوگی۔ 28 اکتوبر کو نامزدگی کے لئے داخل کئے گئے کاغذ کی جانچ ہوگی۔ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے۔

قومی آواز کے شکریہ کے ساتھ