بھٹکل : عید گاہ کے قریب بندرروڈ پر نصب جھنڈا ہٹائے جانے کے بعد کچھ دیر کے لیے کشیدگی

بھٹکل (فکر و خبر نیوز) عید گاہ کے قریب بندرروڈ پر نصب سبز جھنڈا ہٹائے جانے کے بعد کچھ دیر کے لیے کشیدگی دیکھنے کو ملی.
تفصیلات کے مطابق شہر کی عید گاہ کے قریب بندرروڈ پر ایک جھنڈا لگایا گیا تھا۔ آج جب جھنڈا ہٹائے جانے کی خبر عام ہوئی تو عید گاہ کے قریب نوجوان جمع ہو گئے اور جھنڈا ہٹائے جانے پر سخت اعتراض جتایا ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نوجوانوں سے بات چیت کی اور مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی۔ نوجوانوں کا مطالبہ تھا کہ عید گاہ پر لگایا گیا جھنڈا بغیر اجازت ہٹا دیا گیا ہے جبکہ شہر کے کئی ایک علاقوں میں دوسرے کئی جھنڈے لگائے گئے ہیں اور وہ جھنڈے ہٹائے نہیں جاتے تو ایک مخصوص طبقے کا جھنڈا ہی کیوں ہٹایا گیا۔ اس پر نوجوانوں نے پولیس سے کچھ تیکھے سوالات بھی کیے۔ پولیس نے حالات قابو میں کرتے ہوئے بھیڑ کو سمجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران بھٹکل میونسپل چیف کمشنرنے موقع پر پہنچ کر دیگر علاقوں کے جھنڈے تین دن کے اندر ہٹائے جانے کی یقین دہانی کی۔

نوجوانوں کا ماننا ہے کہ تین دن کے اندر اگر دوسرے علاقوں میں لگائے گئے جھنڈے نہ ہٹائے گئے تو پھر دوبارہ وہ سخت احتجاج کریں گے اور ہر جگہ جھنڈے نصب کرنے کی کوشش کریں گے۔ مقامی ذمہ داران کے سمجھانے کے بعد نوجوان وہاں سے منتشر ہو گیے۔

اس موقع پر نوجوانوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ عید گاہ کے آس پاس موجود عارضی دکانیں ہٹائی جائیں اوراس کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ لوگوں کا‌ماننا تھا کئی برس سے عوام اس جانب توجہ دلارہے ہیں لیکن کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔
فی الحال میونسپل چیف کمشنر نے عوام سے جو وعدہ کیا ہے اس پر کب تک عمل آوری ہوگی یہ یہ دیکھنا اہم ہے۔