نئی دہلی: نئی دہلی ورلڈ بک فیئر (NDWBF) 2026 کا افتتاح ہفتہ کے روز مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے بھارت منڈپم میں کیا۔ 18 جنوری تک جاری رہنے والا یہ نو روزہ عالمی کتاب میلہ اپنے 53ویں ایڈیشن میں پہلی بار تمام زائرین کے لیے مفت رکھا گیا ہے جس کا مقصد عوام میں مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دھرمیندر پردھان نے کتابوں کو علم، تہذیب اور فکری ورثے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی ورلڈ بک فیئر عالمی اشاعت کا ایک معتبر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج دنیا کا تیسرا بڑا اشاعتی مرکز ہے۔
اس سال قطر کو مہمانِ خصوصی جبکہ اسپین کو فوکس کنٹری کا درجہ دیا گیا ہے۔ قطر کے وزیر ثقافت عبدالرحمن بن حمد الثانی اور اسپین کے وزیر ثقافت ارنسٹ ارٹاسون نے دونوں ممالک کے ساتھ ثقافتی و ادبی روابط کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
میلے کا موضوع ’انڈین ملٹری ہسٹری: بہادری اور حکمت @75‘ رکھا گیا ہے، جس میں ہندوستانی مسلح افواج کی قربانیوں اور تاریخ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ نیشنل بک ٹرسٹ (NBT) کے مطابق میلے میں 35 سے زائد ممالک کے شرکاء، ایک ہزار سے زیادہ پبلشرز، تین ہزار اسٹالز اور سینکڑوں ادبی و ثقافتی تقاریب شامل ہیں۔
میلے میں بچوں کے لیے خصوصی پویلین، ڈیجیٹل لائبریری، مفت ای بکس، کتابوں کی رونمائی، ادبی نشستیں اور بین الاقوامی بک فیئر ڈائریکٹرز کی شرکت بھی اس ایڈیشن کی نمایاں خصوصیات ہیں۔
