جھارکھنڈ کے بوکارو میں پٹاخہ بازار میں زبردست آگ ، پچاس دکانیں جل کر راکھ

جھارکھنڈ کے بوکارو میں پٹاخہ کے بازار میں زبردست آگ لگ گئی۔ گرگا ندی کے کنارے لگے پٹاخے کے بازار میں آگ لگنے کے بعد افرا تفری کا ماحول ہو گیا۔ بوکارو چاس مین روڈ پر گرگا ندی پُل کے کنارے لگے 66 پٹاخوں کی دکانوں میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کی وجہ سے تقریبا 50 دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں۔

دراصل بوکارو میں دیوالی کے لئے لگی پٹاخے کے بازار میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پٹاخوں کے سبھی دکانوں میں یکے بعد دیگرے آگ لگتی چلی گئی۔ پٹاخوں کی آواز سے پورا بازار دہل اٹھا۔ چند منٹوں میں آگ نے خطرناک شکل اختیار کر لی، جس سے جائے وقوع پر افرا تفری کا ماحول بن گیا۔ آگ کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش میں لگ گئی۔

اس سلسلے میں ایڈیشنل کلکٹر ممتاز انصاری نے بتایا کہ دکانیں عارضی طور پر لگائی گئی ہیں۔ اس لئے کھلی جگہ پر دکان لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے اصولوں پر عمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہیں۔ اس معاملے کی جانچ کرائی جائے گی۔

بوکارو سے بی جے پی رکن اسمبلی برانچی نارائن نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے یہاں دکانیں لگ رہی ہیں، سبھی لوگ نہایت ہی غریب ہیں۔ ضلع انتظامیہ معاملے کی تحقیقات کرے اور دکانداروں کو مناسب معاوضہ دے۔ دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملنے پر کانگریس امیدوار شویتا سنگھ بھی جائے وقوع پر پہنچی اور آگ میں جلی ہوئی دکانوں کا معائنہ کیا۔

ایک طرف جہاں پٹاخہ کے دکان میں آگ لگی وہیں موقع پا کر کچھ لوگوں نے دکان میں لوٹ پاٹ شروع کر دی۔ کئی دکانوں کو لوٹ لیا گیا۔ پٹاخے کے علاوہ پیسے بھی لوٹے گئے۔