سیلاب متاثرین کی مدد کے لئےپہونچا فضائیہ کا طیارہ حادثہ کا شکار

بہار کو اس وقت سیلاب کی صورت حال کا سامنا ہے۔ کئی ضلعے زیر آب ہیں جس کی وجہ سے جنگی سطح پر ریسکیو مہم جاری ہے۔ اس درمیان مظفر پور ضلع کے اورائی نیا گاؤں (وارڈ نمبر 13) میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ریسکیو مہم میں مصروف فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر بدھ کے روز اس وقت حادثہ کا شکار ہو گیا جب وہ سیتامڑھی ضلع میں راحتی اشیا تقسیم کر واپس لوٹ رہا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور فضائیہ کے کچھ جوان بھی سوار تھے۔ سبھی کو گاؤں والوں نے اپنی سمجھداری سے بچا لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 ستمبر کو فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر سیتامڑھی سے جب راحتی سامان تقسیم کر واپس لوٹ رہا تھا تبھی اس میں کچھ خرابی آ گئی۔ چونکہ ہر طرف پانی بھرا ہوا تھا تو دونوں پائلٹ نے پانی میں ہی اس کو اتارنے کا فیصلہ کیا۔ مظفر پور ضلع کے اورائی واقع بیسی بازار کے پاس پائلٹ نے سیلاب کے پانی میں ہی ہیلی کاپٹر کو اتار دیا۔ یہاں ہیلی کاپٹر کی ایک طرح سے کریش لینڈنگ ہوئی اور ہیلی کاپٹر کا نصف سے زیادہ حصہ پانی میں ڈوب گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ مقامی لوگوں نے ہیلی کاپٹر کو پانی میں گرتے دیکھا تو دوڑ کر وہاں پہنچے۔ کچھ کشتیوں پر سوار ہو کر جب مقامی افراد ہیلی کاپٹر کے پاس پہنچے تو دیکھا کہ ہیلی کاپٹر میں کچھ لوگ اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فوجی وردی پہنچے 4 افراد کو گاؤں والوں نے کشتی میں سوار کر محفوظ مقام تک لایا۔ پھر پولیس کو بھی مطلع کیا گیا جو جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔

حادثہ کا شکار اس ہیلی کاپٹر میں راحتی اشیاء بھی موجود تھی، اس لیے جب جوانوں کو مقامی لوگوں نے باہر نکالا تو راحتی اشیاء کی بوریاں بھی ساتھ میں باہر نکالنی شروع کر دی۔ کچھ لوگ تو ہیلی کاپٹر میں موجود سامان کو اپنی بوریوں میں بھر کر کشتی سے لے جاتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ ایک طرح سے وہاں لوٹ جیسی حالت پیدا ہو گئی، لیکن پولیس جب پہنچی تو اس نے مقامی لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے پاس سے دور ہٹایا۔