راجیش کمار نے کہا، ’’ہم بہار اسمبلی انتخاب ‘انڈیا’ بلاک کے تحت لڑیں گے۔ دیگر ریاستوں کے برعکس بہار میں ہمارا اتحاد مضبوط ہے۔ ہمارا بنیادی مقصد بی جے پی کو شکست دینا ہے، جو ریاست میں ہماری سب سے بڑی سیاسی حریف ہے۔”
سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کانگریس صدر نے کہا کہ فی الحال اس پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا، "سیٹ شیئرنگ پر تبصرہ کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔ جب انتخاب قریب آئیں گے، تو ہمارے رہنما تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر فارمولہ طے کریں گے۔”
تیجسوی یادو کو مہاگٹھ بندھن کا وزیراعلیٰ امیدوار پیش کیے جانے کے حوالے سے پوچھے جانے پر راجیش کمار نے کہا کہ ابھی اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بھی تمام اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد طے کیا جائے گا۔
میٹنگ کے بعد کانگریس کے بہار انچارج کرشنا الّاورو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ چہرے کا فیصلہ اتحاد کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "سیٹوں کی تقسیم اور وزیراعلیٰ امیدوار کا اعلان سبھی پارٹیوں کے مشورے کے بعد کیا جائے گا۔”
پریس کانفرنس میں پپو یادو کی ممکنہ شمولیت پر بھی سوال کیا گیا۔ اس پر الّاورو نے کہا کہ ‘انڈیا’ اتحاد بی جے پی مخالف تمام طاقتوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس میٹنگ میں بہار کانگریس کے کئی اہم رہنما شامل تھے، جن میں سابق ریاستی صدر اکھیلیش سنگھ، سابق وزیر رام جتن سنہا اور سینئر رہنما شکیل احمد بھی موجود تھے۔
قومی آواز کے شکریہ کے ساتھ