بھٹکل: بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کی جانب سے آج پریس ڈے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب نیو انگلش پی یو کالج کے ہال میں منعقد ہوئی، جہاں ممتاز شخصیات، صحافی، سماجی کارکنان اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت جناب رضا مانوی نے کی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ارون کمار شیرور نے صحافیوں کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے صحافت میں اخلاقی اقدار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو سچائی، دیانت داری اور غیر جانب داری کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔
جماعت اسلامی ہند کے مقامی امیرمولانا زبیر مارکیٹ کو بلا تفریق مذہب و ملت مسلسل سماجی خدمات انجام دینے پر اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔ اعزاز وصول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات خالصتاً اللہ کی رضا کے لیے انجام دی جانی چاہییں، نہ کہ شہرت یا کسی عہدے کے حصول کے لیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرنا چاہیے اور آخرت پر ایمان رکھتے ہوئے بے لوث خدمت کرنی چاہیے۔
ان کے علاوہ راما موگیر اور فرانسس ڈی سوزا کو بھی ان کی طویل خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ راما موگیر کو 35 سالہ سماجی خدمات جبکہ فرانسس ڈی سوزا کو گزشتہ 30 برسوں سے اخبارات گھر گھر پہنچانے کی خدمت پر اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔
پروگرام میں مقامی صحافیوں کے ساتھ ساتھ دیگر سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی اور ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کی۔




